پشاور: پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی)کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) پاکستان کے ساتھ مذاکرات کرنے پر عمران خان کو ہدف تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت نے ٹی ٹی پی سے بات کر کے شہدا کے خون سے دھوکہ کیا ہے۔بلاول نے مزید کہاکہ آرمی پبلک اسکول خونریزی میں ہلاک طلبا کے والدین کی پیشگی منظوری حاصل کیے بغیر ٹی ٹی پی سے مذاکرات نہیں کیے جانے چاہئیں اور گھناؤنے جرائم میں ملوث دہشت گردوں کو مذاکرات سے پہلے قانونی کارروائی کا سامنا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی دہشت گردوں سے مذاکرات کو مسترد کر تی ہے۔بلاول نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کے معاملے پر کسی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی اتفاق رائے ہو سکا ہے۔ بعد ازاں مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اعلان کیا کہ حکومت پاکستان اور ٹی ٹی پی نے مکمل جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ حکومت اور کالعدم ٹی ٹی پی کے درمیان آئین کے مطابق مذاکرات جاری ہیں۔ واضح ہو کہ رواں سال فرانس مخالف مظاہروں کے بعد عمران خان حکومت نے تحریک لبیک پاکستان(ٹی ایل پی)پر پابندی عائد کر دی تھی۔ لیکن پھر جیسے ہی معاملہ بڑھتا گیا، حکومت نے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے پہلے شیڈول سے ٹی ایل پی کو ہٹا دیا۔
