نئی دہلی: گلگت بلتستان لیڈر اور سماجی کارکن سجاد راجا نے پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے صدر و پاکستان کی قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے قائد میاں محمد شہباز شریف کی گرفتاری پر پاکستان کی حکومت کو کافی سخت سست کہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں کسی کے اندر اتنی ہمت نہیں ہے کہ وہ فوجی جنرلوں کی گرفت کر سکے اور حکومت تو صرف حزب اختلاف کے رہنماؤں کو جیلوں میں ڈالنے اور ان پر مقدمات چلانے میں لگی ہے۔
جموں و کشمیر گلگت بلتستان نیشنل اکویلیٹی پارٹی کے چیرمین سجاد راجا کا یہ بیان ملک کے انسداد بدعنوانی ادارے قومی احتساب بیورو کے ذریعہ پی ایم ایل این صدر شہباز کی گرفتاری کے ایک روز بعد آیا ہے۔
راجا نے اپنے ان خیالات کا اظہار پی ایل این کی نائب صدر مریم نواز کے ٹوئیٹ پر ٹوئیٹر کے توسط سے ہی جواب دیتے ہوئے کیا ۔مریم نے ٹوئیٹ کر کے کہا تھا کہ” اگر پاکستان میں انصاف اور احتساب ہوتا تو شہباز شریف نہیں بلکہ عاصم سلیم باجوا اور ان کا خاندان گرفتار کیا گیاہوتا۔“
دوشنبہ کو مریم نواز نے کہا تھا کہ حزب اختلاف کے قائد شہباز شریف کو اس لیے گرفتار کیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے ان لوگوں کے ہاتھوں میں کھیلنے سے انکار کر دیا تھا جو انہیں انہی کے بھائی سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف استعمال کرنا چاہتے تھے۔