نئی دہلی:لالی ووڈ اداکارہ منشا پاشا نے سماجی کارکن اور سیاست دان جبران ناصر کے ساتھ اپنی منگنی کے بعد حال ہی میں دیئے پہلے باضابطہ انٹرویو میں بتایا کہ جبران ناصر کو شوبز سے دلچسپی نہیں ہے، تاہم وہ شادی کے بعد بھی اداکاری جاری رکھیں گی۔
جبران ناصر کے سیاست میں ہونے کے حوالے سے سوال پر منشا پاشا کا کہنا تھا کہ ‘اب دنیا بدل چکی ہے۔ یہ وہ نہیں رہی جس کا لوگوں کو گمان ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ لوگ صرف شوبز انڈسٹری ہی میں شادیاں کر رہے ہیں بلکہ بہت سی اداکاراؤں کے شوہر ڈاکٹر ہیں اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں۔’منشاپاشا نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ‘اب تو سیاست میں بھی کافی گلیمر آگیا ہے تاہم سب سے اہم بات ایک دوسرے کی پیشہ ورانہ زندگی میں تعاون ہے۔
‘ان کا کہنا تھا کہ جبران ناصر اپنے کام خود ہی دیکھتے ہیں، اس لیے ‘میں مستقبل میں ان کی انتخابی مہم تو نہیں چلاؤں گی تاہم انہیں بھرپور تعاون فراہم کروں گی جیسے وہ میری فلم ‘لال کبوتر’ کے دونوں پریمیئرز پر آئے تھے۔
‘انہوں نے واضح کیا کہ جبران ناصر کا کام کافی سنجیدہ نوعیت کا ہے اور انہیں شوبز سے کوئی دلچسپی بھی نہیں ہے، اس لیے یہ امکان نہیں ہے کہ کبھی وہ ان کی کسی فلم میں بطور مہمان اداکار بھی شریک ہوں۔اپنی شادی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ جبران ناصر کی والدہ ابھی دبئی میں ہیں اور یہاں کچھ حالات بھی ٹھیک ہوجائیں تو پھر اس پر غور کریں گے۔
جبران ناصر کی یہ پہلی شادی ہوگی، جب کہ منشا پاشا کی اس سے پہلے ہونے والی شادی ختم ہوچکی ہے۔اس حوالے سے منشا کا کہنا تھا کہ ‘ہم دونوں نے ایک دوسرے کو پسند کیا تو اس میں ماضی نہیں بلکہ مستقبل کی جانب دیکھ کر فیصلہ کیا ہے۔’وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پاکستانی ڈراما نویسوں کو طلاق کے موضوع سے بچنے کی ہدایت پر منشا نے کہا کہ ‘اگر آپ کسی چیز کو برا کہیں یا سمجھیں تو وہ ختم نہیں ہوجاتی۔
‘ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بہت سے گھرانوں میں خواتین کو یہ سکھایا جاتا ہے کہ چاہے جو بھی ہو اپنی شادی برقرار رکھنا، جس کا اثر خاتون پر اور ان کے بچوں پر پڑتا ہے جو ان کے خیال میں زیادہ نقصان دہ ہے کیونکہ کسی موضوع پر بات نہ کرنے سے کچھ نہیں ہوتا کیونکہ وہ موجود تو رہتی ہے۔شوبز اور اسلام کے سوال پر منشا کا کہنا تھا کہ ڈراموں میں ہر موضوع پر بات ہونی چاہیے خاص کر سماجی معاملات پر تاکہ انسان کچھ سیکھ سکے۔
منشا پاشا نے اداکاری کا آغاز مشہور ترین ڈراما سیریل ‘ہمسفر’ میں ایک مختصر سے کردار سے کیا تھا، اس کے بعد وہ کئی ڈراموں میں کام کرچکی ہیں جبکہ ان کی دو فلمیں بھی ریلیز ہوئی ہیں۔ ان کی پہلی فلم ‘چلے تھے ساتھ’ تھی تاہم انہیں شہرت ‘لال کبوتر’ سے ملی۔گذشتہ برس آنے والی منشا کی فلم ‘لال کبوتر’ پاکستان کی جانب سے آسکر ایوارڈ کی نامزدگی کے لیے بھیجی گئی تھی۔ منشا کو اسی فلم سے بہت شہرت ملی تھی۔