تہران:(اے یو ایس)ویانا میں ایرانی جوہری معاہدے پر بات چیت اپنے چھٹے دور میں جاری ہے۔ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ 2015 کے جوہری معاہدے کو بحال کرنے کی کوششوں کو نئی ایرانی حکومت کے قیام کا انتظار کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے کو تمام فریقوں کی سیاسی منشا کی ضرورت ہے۔انہوں نے اخبار “لا ریپبلیکا” کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ اس مقام پرکیا ہوگا۔ ایران میں صدارتی انتخابات کے نتائج کے بعد تک ہمیں معاہدے کی واپسی کے بارے میں انتظار کرناہوگا۔مسٹر گروسی نے زور دے کر کہا کہ ہفتوں سے جاری رہنے والی بات چیت میں پیچیدہ اور انتہائی حساس تکنیکی امور نمٹائے گئے ہیں لیکن انہوں نے تمام فریقین سے پختہ سیاسی عزم ظاہر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ایرانی حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ توقع ہے کہ نئے صد اگست کے وسط تک حکومت تشکیل کرلیں گے۔موجودہ صدر حسن روحانی کی میعاد 3 اگست کو ختم ہوگی جس کا مطلب ہے کہ ویانا مذاکرات اس تاریخ سے آگے بڑھ سکتے ہیں۔ گذشتہ ہفتے کو ویانا مذاکرات کا چھٹا دور دوبارہ شروع ہوا۔اقوام متحدہ کی ایجنسی مذاکرات میں براہ راست شامل نہیں ہے لیکن ملک میں معائنہ کی تصدیق اور تسلسل کے لیے انہیں طلب کیا گیا ہے۔