نئی دہلی:(اے یوایس)ہندوستان میں کوویڈ19- سے اب تک ایک کروڑ دو لاکھ 45ہزار سے زیادہ مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ اس کے ساتھ صحتیابی کی قومی شرح مزید بہتر ہو کر 96 اعشاریہ سات صفر فیصد ہو گئی ہے۔ گذشتہ 24گھنٹوں میں 13 ہزار 283 نئے معاملوں کا پتہ چلا ہے۔ اس مدت کے دوران تقریباً 17 ہزار مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔
ملک میں صحتیاب ہونے والے مریضوں اور زیر علاج مریضوں کے درمیان فرق میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد زیر علاج مریضوں کی تعداد کا تقریباً 52 گنا ہے۔ ملک میں زیر علاج مریضوں کی تعداد میں لگاتار کمی آ رہی ہے اور یہ مزید کم ہو کر دو لاکھ سے بھی کم ہو گئی ہے۔
صحت کی وزارت نے کہا ہے کہ ملک بھر میں طبی بنیادی ڈھانچے میں اضافے، ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی جانب سے مرکز کے معیاری طریقہ علاج کے نفاذ اور ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کے افراد اور کووڈ سے نمٹنے میں پیش پیش رہنے والے کارکنوں کے عہد اور لگن کی وجہ سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔
صحت کی وزارت نے کہا ہے کہ اس کی وجہ سے شرح اموات میں بھی کمی آئی ہے جو اس وقت ایک اعشاریہ چار چار فیصد ہے۔ ملک بھر میں کل سے 162 اموات کی خبر ملی ہے۔