بیروت:(اے یو ایس ) لبنان کے جنوبی علاقے صیدا میں منگل کو علی الصباح ہونے والے ایک زوردار دھماکے میں ایک شخص اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا اور 7 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں 4 کی حالت تشویش ناک ہے۔ مقامی اخباری ویب گاہوں کے مطابق یہ دھماکا بنعفول قصبے میں، جو دارالحکومت بیروت سے تقریبا 56 کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے، ہوا۔
اخباری ویب گاہوں کے مطابق یہ دھماکا ہتھیاروں کے ایک پرانے ڈپو میں ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں امل موومنٹ (ایک سیاسی جماعت) کے زیر انتظام اسکاؤٹ مرکز بھی تباہ ہو گیا۔دھماکے میں بنعفول قصبے کی بلدیہ کی عمارت اور دیگر ملحقہ عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
دھماکے کے بعد ایمبولینس کی گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ سیکورٹی اور عسکری اداروں نے تفصیلات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دیں۔ دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے کا نام علی الرز ہے۔ وہ قصبے کی بلدیہ کے سربراہ (میئر) توفیق الرز کا بیٹا ہے۔ ان کا تعلق امل موومنٹ سے ہے۔ابتدائی معلومات میں بتایا گیا ہے کہ ہتھیاروں کے ڈپو میں بجلی کا شارٹ سرکٹ ہوا جس کے سبب یہ دھماکا ہوا۔
