One killed, four injured in California church shootingتصویر سوشل میڈیا

واشنگٹن: ابھی نیو یارک کے بفیلو میں ایک کیرانہ دکان پر اندھا دھند فائرنگ میں دس افراد کی ہلاکت کی گونج تھمی بھی نہیں تھی کہ اتوا رکے روز لاس اینجلس کے قریب واقع ایک چرچ میں فائرنگ کی واردات ہوئی جس میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور 4دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ ان چاروں کی حالت بھی نازک بتائی جاتی ہے جس سے ہلاک شگان کی تعداد میں اضافہ کا خدشہ ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے سے عین قبل جب لگونا ووڈز میں واقع جینوا پریسبیتریان چرچ کے حلقے کے افراد صبح کی خدمات و کام کاج سے فراغت پا کر ایک ضیافت میں شرکت کے لیے جارہے تھے کہ ایک بندوق بردار نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔حکام کے مطابق جس وقت یہ واردات ہوئی تو چرچ میں 30تا 40افراد موجود تھے۔

اورنج کاؤنٹی کے انڈر شیرف جیف ہالوک نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ قبل اس کے کہ پولس افسران جائے وقوعہ پہنچ کر اسے گرفتار کرتے چرچ جانے والوں نے ہی بندوق بردار کو قابو
کر لیا اور ایک ایکسٹینشن کورڈ کے تاروں سے اس کی ٹانگیں جکڑ دیں اور اس کے قبضہ سے دو ہتھیار ضبط کر لیے ۔

ہالوک نے کہا کہ چرچ جانے والوں کے اس گروپ نے جو کارروائی کی وہ بلا شبہ غیر معمولی بہادری اور شجاعت کا کھلا مظاہرہ ہے۔ انہوں نے بلا شبہ مزید جانی نقصان روکا۔ ہالوک نے کہا کہ ایک شخص کی جائے وقوعہ پر موت کی تصدیق ہوئی ہے۔ چار دیگر شدید زخمی ہیں جن کی حالت نازک ہے جبکہ ایک معمولی زخمی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *