ریاض: ( اے یو ایس ) مسجد حرام اور مسجد نبوی کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے اتوار یکم اگست 2021 سے اپنے مرکزی صدر دفتر اور اس سے ملحقہ تنصیبات میں داخل ہونے کے لیے کرونا کی ویکسی نیشن کو لازم قرار دینے کا نظام نافذ کر دیا ہے۔ اس طرح ویکسی نیشن نہ کرانے والوں کا داخلہ ممنوع ہو گا۔یہ اقدام مملکت سعودی عرب کی جانب سے کرونا وائرس (کوویڈ 19) کی روک تھام کے لیے عمل میں آنے والے احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کا حصہ ہے۔ اس سلسلے میں کسی بھی سرکاری عمارت یا تنصیب میں داخلے کے لیے وزارت صحت کی منظور شدہ ویکسی نیشن کرانا شرط قرار دی گئی ہے۔
سیکورٹی اینڈ سیفٹی جنرل ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر جنرل فائز بن عبدالرحمن الحارثی کے مطابق لوگوں کی آمد و رفت کے حوالے سے “توکلنا” ایپلی کیشن سے تصدیق کو لازم کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی سماجی فاصلے ، ماسک لگانے اور ہاتھوں کی مسلسل سینی ٹائزیشن کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔الحارثی کے مطابق یہ تمام اقدامات مسجد حرام اور مسجد نبوی کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کے نگران اعلیٰ شےخ ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالعزےز السدیس کی ہدایات پر کیے گئے ہیں۔ ان کا مقصد شہریوں اور مقیمین حضرات کی سلامتی اور حرمین شریفین کا رخ کرنے والوں کے لیے بہترین خدمات پیش کرنے کو یقینی بنانا ہے۔