اسلام آباد : بدھ کے روز متحدہ حزب اختلاف کی ایک 9رکنی کمیٹی نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی سفارش کر دی۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق کمیٹی نے کہا ہے کہ متحدہ حزب اختلاف کو تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے لیے قومی اسمبلی کے اراکین کی مطلوبہ تعداد دستیاب ہے اور پی ٹی آئی حکومت کے خلاف جتنا جلد ممکن ہو سکے تحریک عدم اعتماد پیش کر دی جائے۔کمیٹی ہٰذا کی میٹنگ میں ایاز صادق، سعد رفیق اور رانا ثناءاللہ نے پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کی، یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف اور نوید قمر نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی اور کامران مرتضیٰ ، مولانا اسد محمود اور اکرم درانی نے جمیعت علمائے اسلام فضل (جے یو آئی ایف) کی نمائندگی کی۔
دریں اثنا پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ حزب اختلاف آئندہ48گھنٹے کے اندر پی ٹی آئی قیادت والی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کر دے گی۔قبل ازیں سنیچر کے روز ہی پی ایم ایل این کے صدر شہباز شریف اعلان کر چکے تھے کہ عمران خان قیادت والی پاکستان تحریک انصاف احکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا حزب اختلاف الائنس پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے زیرغور منصوبہ کی نوک پلک درست کی جارہی ہے۔اور وہ آخری مرحلہ میں ہے اور حتمی شکل دیتے ہی اس کا اعلان آئندہ ہفتہ کسی بھی روز کیا جا سکتا ہے۔
