تہران:اربعین کے موقع پرتقریباً ڈیڑھ کروڑ زائرین کربلا پہنچ گئے۔اس ضمن میں مہر خبر رساں ایجنسی نے کربلا کے گورنر لطیف نصیف جاسم کے حوالے سے کہا کہ اربعین کے جلوس میں شرکت کے لیے مقدس شہر کربلا جانے والے زائرین کی تعداد 14 ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔ جاسم نے زور دے کر کہا کہ اس سال اربعین کا جلوس گزشتہ چند سالوں کے دوران منعقد ہونے والا سب سے بڑا جلوس سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عراقی وزیر اعظم اربعین کی زیارت کے منصوبوں پر عمل آوری کی بذاتت خود نگرانی کرتے ہیں۔ گزشتہ چند دنوں کے دوران کربلا جانے والے ایرانی زائرین کی تعداد میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 12 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اربعین زیارت کے انچارج ایک ایرانی اہلکار نے ہفتے کے روز کہا کہ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اب تک3350000 سے زیادہ ایرانی زائرین ایران عراقی سرحدوں کو عبور کر چکے ہیں جو کہ سالانہ 12 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ ایرانی وزرائے داخلہ اور صحت نے اربعین زائرین کو سرحد پر مہیا کی جانے والی سہولتوں اور امدادی سامان کا معائنہ کرنے کے لیے گذشتہ ماہ مشترکہ سرحدی گزرگاہوں کا دورہ کیا۔ امسال اربعین ، جو اہل تشیع کا ایک مذہبی تہوار ہے،6 ستمبر بروز بدھ ہے۔ اس کو ہر سال یوم عاشورہ (10محرم)کے چالیس دن بعد منایا جاتا ہے۔ اس تہوار کا مقصد پیغمبر اسلام محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے نواسے حسین ابن علی کی شہادت کی یاد منانا ہے جو ماہ صفر کی بیسویں تاریخ کو منایا جاتا ہے۔ حسین ابن علی اور ان کے 72 رفقا 10محرم 680 میں کربلا کی جنگ میں یزید بن معاویہ کی فوج کے ہاتھوں شہید ہوئے تھے۔