نئی دہلی: (اے یوایس ) مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا کو تحریری طور پر مطلع کیا کہ گذشتہ پانچ سال کے دوران مجموعی طور پر مسلح افواج کے 819 اہلکاروں نے خودکشی کی ہے جس میں فوج میں سب سے زیادہ 642 ایسے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ یہ جانکاری حکومت نے دی ہے۔
راجیہ سبھا میں ایک تحریری سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے دفاع اجے بھٹ نے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ نے اس عرصے کے دوران 148 مقدمات درج کیے ہیں جب کہ ہندوستانی بحریہ میں یہ تعداد 29 تھی۔ وزیر مملکت برائے دفاع نے یہ جواب پیر کو اس سوال پر دیا کہ پچھلے پانچ سالوں میں خودکشی کرنے والے فوجیوں اور سابق فوجیوں کی تعداد کے بارے میں پوچھا گیا تھا۔ انہوں نے کہا چونکہ مسلح افواج خدمات میں تناؤ کو کم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہیں، ذہنی صحت کا ایک جامع پروگرام تیار کیا گیا ہے جو 2009 سے نافذ العمل ہے۔
بھٹ نے کہا کہ مسلح افواج کے اہلکاروں کو ٹریک کرنے اور ان کی شناخت کرنے کے لیے مختلف میکانزم موجود ہیں جو ڈپریشن اور خودکشی کے رجحان جیسے مسائل کا شکار ہیں۔ اس کے تحت تناو¿ کے زیادہ خطرہ والے ملازمین کو یونٹ کمانڈنگ آفیسرز، رجمنٹل میڈیکل آفیسرز اور جونیئر لیڈرز مقررہ طریقہ کار کے مطابق شناخت اور ان کی رہنمائی کرتے ہیں۔ تعطیلات کے بعد یونٹ میں واپس آنے والے تمام اہلکاروں کا رجمنٹل میڈیکل آفیسرز کے ذریعے انٹرویو اور طبی معائنہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج میں تناو¿ کے معاملے پر کمانڈروں کی طرف سے مختلف سطحوں پر بڑے پیمانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔