ریاض: پاکستان کے فوجی سربراہ جنرل عاصم منیر نے، جو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے سات روزہ دورے پر ہیں، جمعرات کے روز سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جنرل عاصم ،جو بدھ کی سہ پہر سعودی عرب پہنچے تھے ،جمعرات کو علی الصباح شہزادہ خالد سے ملاقات کر نے گئے جہاں شہزادہ خالد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ملاقات کے آغاز میں سعودی وزیر دفاع نے جنرل منیر کو فوجی سربراہ کے عہدے پر ان کے تقرر پر مبارکباد دی۔ ایس پی اے نے بتایا کہ شہزادہ خالد اور جنرل عاصم نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور پائیداری پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے مشترکہ دلچسپی کے اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور کے ساتھ ساتھ فوجی اور دفاعی تعاون اور ان کی حمایت اور بڑھانے کے طریقوں پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے ٹوئیٹ کر کے کہا کہ پاکستان کے فوجی سربراہ جنرل عاصم منیر سے مل کر خوشی ہوئی۔ ہم نے دو برادر ممالک کے درمیان ا سٹریٹجک شراکت داری ، دو طرفہ فوجی اور دفاعی تعلقات کا جائزہ لیا۔ ، اور دو طرفہ تعاون کو مستحکم کرنے و مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
تصویر سوشل میڈیا