پونچھ(جموں و کشمیر): پاکستان حالیہ ایام میں ایک بار پھر جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع کے کیرنی اور شاہ پور سیکٹروں میں کنٹرول لائن (ایل او سی) سے متصل علاقوں میں بلا اشتعال فائرنگ کر کے فائربندی کی خلاف وزی کا مرتکب ہوا ہے۔
پاکستان نے جمعرات کی صبح ساڑھے نو بجے چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کر کے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔ہندوستانی فوج نے بھی جوابی کارروائی کی۔حالیہ ایام میں پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کا یہ چوتھا واقعہ ہے جس میں چار ہندوستانی فوجی شہید ہو چکے ہیں ۔
اس سے قبل اس نے 22جون کو جموں و کشمیر کے نوشیرا سیکٹر میں ایل او سی کے قریب بلا اشتعال فائرنگ کر کے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تھی جس میں ہندوستانی فوج کا ایک حولدار دیپک کرکی ہلاک ہو گیا تھا۔
وہ ایل او سی پر کلال علاقہ میں تعینات تھا۔12جون کو بھی پاکستانی فوج نے پونچھ ضلع کے شاہ پور کیرنی میں ہی ایل او سی سے متصل علاقہ میں فائرنگ کر کے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تھی ۔ اس بلا اشتعال فائرنگ میں ایک ہندوستانی فوجی وجوان ہلاک اور دو دیگر سپاہی زخمی ہوئے تھے۔