کراچی:(اے یو ایس)اسلام آباد کورونا، دوسری لہر بے قابو، مزید 25اموات، 1436نئے کیسز،کراچی، کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، حیدرآباد، گلگت، مظفر آباد اور پشاور میں وبائ تیزی سے پھیلنے لگی ریپڈ ٹیسٹ کٹ کے استعمال کی منظوری،این سی او سی نے شادی کی تقریب میں دلہادلہن کے مبارکباد وصول کرنے پر پابندی لگاتے ہوئے کہاہے کہ شادی کی تقریب کا دورانیہ دو گھنٹے ہوگا ،تقریب میں بوفے کی اجازت نہیں ہو گی، لنچ باکس اور ٹیبل سروس فراہم کی جاسکے گی، میزبان کورونا ایس او پیز پر عملدر آمد کا ذمہ دار ہوگا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق عالمی وبا ءکورونا وائرس کے سبب پاکستان میں اموات کی مجموعی تعداد7000پار کرگئی ہے ۔ این سی او سی کے مطابق ملک کے 11 شہروں میں کورونا وباتیزی سے پھیل رہی ہے، پاکستان میں 80فیصد کورونا کیسز 11بڑے شہروں سے رپورٹ ہوئے جن میں کراچی، کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، حیدر آباد، گلگت، مظفر آباد اور پشاور شامل ہیں۔دوسری جانب وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے ریپڈ ٹیسٹ کٹ کے استعمال کی منظوری دیدی،نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے تمام صوبائی حکومتوں کو مراسلہ لکھ دیا گیا ہے، نئی کٹ کے استعمال سے کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ 20منٹ میں آجائے گا،اس ضمن میں جاری مراسلے کے مطابق منظورشدہ سرکاری و پرائیویٹ لیبارٹریز ہی نئی کٹ کے تحت ٹیسٹ کر سکیں گی،مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہائی رسک سیکٹر میں 20 فیصد پی سی آر ٹیسٹ اور باقی نئی کٹ سے ہوں گے، فیز ون کی کامیابی کے بعد نئی کٹ سے تمام پرائیویٹ لیبز پر ٹیسٹ کی سہولت ملے گی،نئی ٹیسٹ کٹ کے تحت 20 نومبر سے ٹیسٹ کیے جائیں گے، صوبائی حکومتیں عالمی ادارہ صحت سے منظور کمپنیوں سے نئی کٹ خریدیں گے۔
ادھر نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سینٹر نے ملک میں جاری کورونا وبا کے پیش نظر شادی کی تقریب میں دلہا دلہن اور ان کے گھر والوں پر روایتی طریقے سے مبارکبادیں وصول کرنے پر پابندی لگادی ہے، اتوارکو این سی او سی نے ملک بھر میں شادی کی تقاریب کے انعقاد کے حوالے سے ضابطہ کار جاری کردیا ہے، جس کے مطابق شادی کی تقریب بند کمرے یا ہال کے بجائے کھلی فضا میں ہوگی، شادی کی تقریب کے لیے جگہ کا انتخاب لوکل ہیلتھ اتھارٹی کی مشاورت سے ہو گا، تقریب میں قالین یا غالیچوں کا استعمال نہیں ہوگا۔ شادی کی تقریب زیادہ سے زیادہ ایک ہزار مہمان شرکت کر سکیں گے اور ان کے مابین 6 فٹ کا فاصلہ ہوگا، دلہا، دلہن اور ان کے گھر والے روایتی طریقے سے مبارکبادیں وصول نہیں کریں گے۔