Pakistan anti-corruption body approves fresh case against former PM Nawaz Sharifتصویر سوشل میڈیا

اسلام آباد:( اے یوایس ) قومی احتساب بیورو نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف ایک اور ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی جس میں سابق سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری، انٹیلی جنس بیورو(آئی بی) کے سابق سربراہ آفتاب سلطان اور سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو بھی شامل کرلیا گیا ہے۔قومی احتساب بیورو سے جاری اعلامیے کے مطابق بیورو ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس چیئرمین جسٹس (ریٹائرڈ) جاوید اقبال کی زیرصدارت بیورو کے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ہوا جس میں قومی احتساب بیوروکے ڈپٹی چیئرمین ، پراسیکیوٹر جنرل، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آپریشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ بیورو نے کہا کہ تمام انکوائریاں اور تحقیقات الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی ہیں جو حتمی نہیں ہیں۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سابق وزیراعظم اور وفاقی وزرا سمیت دیگر افراد کے خلاف 11 ریفرنسز دائر کرنے، 4 انکوائریز اور 4 تحقیقات کی منظوری دی گئی۔ بیورو اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، سابق سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری، انٹیلی جنس بیورو(آئی بی) کے سابق ڈی جی آفتاب سلطان اور سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔اعلامیے کے مطابق ان پر مبینہ طور پر غیر ملکی اعلیٰ شخصیات کی سیکیورٹی کے لیے غیر قانونی طریقے سے 73 سیکیورٹی گاڑیاں خریدنے، من پسند افراد کو نوازنے اور ان گاڑیوں کا غیر قانونی استعمال کا الزام ہے۔ بیورو کے مطابق سابق وزیراعظم سمیت دیگر افراد نے قومی خزانے کو مبینہ طور پر ایک ارب 95 کروڑ 27 لاکھ 40 ہزار روپے کا نقصان پہنچایا۔

بیان کے مطابق بیورو کے ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال، پی ایس ڈی پی اسپیشلسٹ محمد آصف شیخ، سابق ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ اختر نواز گنجیرا، اسسٹنٹ انجینئر پاکستان اسپورٹس بورڈ سرفراز رسول، کنٹریکٹر احمد اینڈ سنز محمد احمد کے خلاف بھی بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ بیورو نے مذکورہ افراد پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے نارووال اسپورٹس سٹی کا اسکوپ 3 کروڑ سے 3 ارب تک بڑھانے اور 18 ویں ترمیم کے بعد صوبائی حکومت کے منصوبے کے لیے غیر قانونی طور پر وفاقی حکومت فنڈز ذاتی اثر و رسوخ استعمال کرکے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا ہے۔

بیورو نے کیپٹل ڈیولپمنٹ (سی ڈی اے) کے سابق چیئرمین فرخند اقبال، سابق رکن پلاننگ اینڈ ڈیزائن عبدالعزیز قریشی، سابق ڈی جی پلاننگ غلام سرور سندھو کے ساتھ دیگر سابق عہدیداروں کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ سابق افسران نے مبینہ طور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے کلینک کے پلاٹ کو کمرشل مقاصد کے لیے استعمال اور بعد ازاں غیرقانونی طور پر لیز کی مدت میں اضافہ کیا، جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *