Pakistan: At Least 14 Killed, 64 Injured After Bus Falls into Ravine in Punjab's Chakwalتصویر سوشل میڈیا

اسلام آباد،(اے یو ایس)موٹر وے ایم ٹو پر کلر کہار کے قریب بس حادثہ میں 14 افراد جاں بحق، 13 شدید اور 31 معمولی زخمی ہو گئے۔موٹر وے پولیس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق 49 سیٹر بس میں 49 ہی سواریاں سوار تھیں کہ کلر کہار کے قریب بریک فیل ہونے سے بس بے قابو ہو کر مخالف سمت سے آنے والی گاڑیوں سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ڈپٹی کمشنر چکوال نے بتایا ہے کہ شناخت کے بعد 6 خواتین سمیت 12 افراد کی میتیں ورثاءکے حوالے کر دی گئی ہیں، جبکہ جاں بحق 2 افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 6 خواتین سمیت 14 افراد شامل ہیں۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ کے دوران مخالف سمت سے آنے والی دو کاریں اور ایک شہ زور پک اپ بھی زد میں آ گئیں، ڈی آئی جی موٹر وے محمد یوسف کی سربراہی میں موٹر وے پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور جائے حادثہ پر موجود رہ کر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی- ترجمان نے کہا کہ اندھیرا ہونے کے باعث امدادی سرگرمیوں میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

ترجمان نے بتایا کہ بس اسلام آباد سے لاہور جا رہی تھی، بس میں باراتی سوار تھے، بس کو نکال لیا گیا ہے، ایک لین بند کر دی گئی جبکہ دو لینز میں ٹریفک چل رہی ہے۔موٹر وے پولیس اور دیگر ریسکیو اداروں نے ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق حادثہ ڈرائیور کی غفلت لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کلر کہار میں مسافر بس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت وہمدردی کیا ہے۔وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم نے جاں بحق افراد کی مغفرت، اہل خانہ کے لئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *