اسلام آباد:لاہور کی ایک انسداد دہشت گردی(اے ٹی سی) عدالت نے جماعت الدعویٰ کے سربراہ اور 26/11ممبئی حملوں کے کلیدی مجرم حافظ سعید کے خلاف دہشت گردی کی مالی اعانت کے دو کیسوں میں اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

اے ٹی سی کے جج ارشد حسین بھٹا مورخہ 8فروری بروز ہفتہ دونوں کیسوں میں اپنا فیصلہ سنائیں گے۔یہ کیس محکمہ انسداد دہشت گردی(سی ٹی ڈی) کی لاہور اور گوجرانوالہ شاخوں نے دائر کیے تھے ۔سی ٹی ڈی گوجرانوالہ شاخ کا داخل کردہ کیس گوجرانوالہ اے ٹی سی میں زیر سماعت تھا۔

لیکن لاہور ہائی کورٹ کی ہدایت پر اسے لاہور منتقل کر دیا گیا تھا۔حافظ سعید کو سی ٹی ڈی نے گذشتہ سال جولائی میں لاہور سے گوجرانوالہ جاتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔حافظ سعید کی گرفتاری سے پہلے سعید اور جماعت الدعویٰ کے نائب امیر عبد الرحمٰن مکی سمیت جماعت الدعویٰ کے کئی لیڈروں کے خلاف لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، فیصؒ آباد اور سرگودھا تھانوں میں 23ایف آئی آر درج کرائی گئی تھیں۔

سی ٹی دی کے مطابق جماعت الدعویٰ غیر منفعت بخش تنظیموں اور ٹرسٹوں کے توسط سے جمع کیے گئے چندے کی رقم سے دہشت گردوں کو مالی تعاون دے رہی تھیں۔ ان غیر منفعت بخش تنظیموں پر اپریل 2019میں پابندی عائد کر دی گئی تھی۔لیکن سی ٹی ڈی نے جب تفصیل سے تحقیقات کی تو اس سے انکشاف ہوا کہ ان کے جماعت الدعویٰ اور اس کی اعلیٰ قیادت سے قریبی روابط تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *