اسلام آباد: کانٹے کے مقابلہ کے بعد پاکستان نے کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل میں ہندوستان کو شکست دے کر ٹرافی جیت لی۔ لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم کے کھیلے گئے اس فائنل میں پاکستان 43-41تناسب سے جیت حاصل کر کے پہلی بار کبڈی کی عالمی چمپین شپ جیتی۔
پاکستان نے ٹاس جیتا اور حریف کے پالے کی جانب پہل کرنے کا فیصلہ کیا۔ آغاز میں ہندوستان نے پاکستان پر برتری حاصل کر لی اور پہلے سیشن کے اختتام تک دو پوائنٹس کے فرق سے پلڑا اپنے حق میں جھکائے رکھا ۔مقررہ وقت کے دورانیے کے اختتام تک دونوں ٹیموں میں کانٹے کا مقابلہ رہا ۔
دونوں سیشن آرام کے لیے پانچ منٹ کے وقفہ کے ساتھ 20،20منٹ کے تھے۔ جب میچ ختم ہونے کے قریب تھا تو ہندوستانی کوچ ہرپریت سنگھ نے ملک بن یامین کے حاصل کردہ ایک پوائنٹ پر اعتراض کیا لیکن ریفری نے اسے مسترد کر دیا۔
پاکستان کی جیت میں نمایاں رول ادا کرنے والے بن یامین عرفان منا اور شفیق چشتی کے ساتھ ہندوستانی کھلاڑیوں پر بھاری پڑ رہے تھے۔ یہ فائنل میچ دیکھنے کے لیے کبڈی شوقینوں کی کثیر تعداد اسیڈیم پہنچی ہوئی تھی۔
میچ کے اختتام پر تماشائیوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کو کندھوں پر اٹھا کر ڈھول تاشوں کے ساتھ رقص کیا۔پاکستان ایران کو اور ہندوستان آسٹریلیا کو ہرا کر فائنل میں پہنچے تھے۔پاکستان نے پہلی بار کبڈی ورلڈ کپ کی میزبانی کی ہے اس سے قبل جو 6 ورلڈ کپ ہوئے وہ ہندوستان کی میزبانی میں ہوئے ۔اورہربار ہندوستان چمپین بنا۔
یہ ٹورنامنٹ8روزہ تھا جس میں ہندوستان کے علاوہ ایران، کناڈا،آسٹریلیا،امریکہ، سیرا لیون اور کینیا نے حصہ لیا ۔ٹورنامنٹ کے تمام مقابلے لاہور،فیض آباد، کرتار پور اور ننکانہ صاحب میں ہوئے۔