پشاور:(اے یو ایس ) پاکستان کی حکومت نے ملک بھر بالخصوص خیبر پختونخوا میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو افغانستان کے شناختی کارڈ (تذکرہ) پر پیر سے وطن واپس جانے کی اجازت دے دی ہے۔طورخم میں مقامی تاجروں اور سول انتظامیہ کے افسران نے وائس آف امریکہ کو آگاہ کیا کہ اجازت ملتے ہی سینکڑوں افراد وطن واپسی کے لیے سرحدی گزرگاہ پرجمع ہو گئے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اہل کاروں نے بتایا کہ افغانستان واپس جانے والے تمام افراد کے کوائف کا اندراج کیا جا رہا ہے۔افغانستان کے لیے پاکستان کے خصوصی سفارت کا صادق خان نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستان کے شناختی کارڈ پر، جسے تذکرہ کہا جاتا ہے، افغان شہری طورخم کے راستے 25 سے 29 اپریل تک وطن واپس جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغان باشندوں کو اس آسانی سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
صادق خان نے واضح کیا کہ افغان مریضوں کو بغیر ویزہ پاکستان آنے اور یہاں سے واپس جانے کی اجازت ہے۔پاکستان میں مقیم افغان باشندے اپنے عزیزوں کے ہمراہ عید منانے کے لیے وطن واپس جاتے ہیں۔ ماضی میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان آمد و رفت پر کسی قسم کی پابندی نہیں تھی۔ سال 2015 میں پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان آمد و رفت پر پابندیاں عائد کرنا شروع کی تھیں۔سال 2020 میں کرونا وائرس کے باعث جب دنیا بھر میں بین الاقوامی سرحدوں کو بند کیا گیا تو اس سے پاکستان میں مقیم افغان باشندے بھی متاثر ہوئے البتہ بعد ازاں عید کے موقع پر کچھ دنوں کے لیے پاکستان میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افغان باشندوں کو وطن واپسی کی اجازت دی گئی تھی۔
