اسلام آباد: ((اے یو ایس )عراقی وزیر خارجہ فواد حسین وفد کے ہمراہ پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں جہاں وزارت خارجہ کی عمارت میں ان کا استقبال پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی نے کیا۔وزارت خارجہ کی عمارت میں پاکستان اور عراق کے مابین دو طرفہ سیاسی تعاون کے فروغ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ عراقی خارجہ فواد حسین اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
اس سے قبل عراقی وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ کے احاطے میں یادگاری پودا بھی لگایا۔ملاقات کے بعد دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ فواد حسین کے مطابق عراقی وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی نے دورہ عراق کی دعوت قبول کر لی ہے اور اس دورے کی تاریخ کا اعلان جلد ہی کر دیا جائے گا۔
شاہ محمود قریشی کے مطابق دونوں ممالک کے مشترکہ وزارتی کمیشن کی 9ویں سیشن کو جلد از جلد منعقد کرنے پر متفق ہیں جس سلسلے میں تعاون جاری ہے۔ پاکستانی وزیر خارجہ کے مطابق پاکستان نے عراقی حکام کو آگاہ کیا ہے کہ وہ زائرین کی سہولت کے لئے کربلا میں پاکستان ہاﺅس اور نجف اور کربلا میں قونصل خانے اور طبی مراکز کھولنا چاہتا ہے۔پاکستانی وزیر خارجہ کے مطابق عراق جانے کی خواہش رکھنے والے زائرین کو ویزوں کی فراہمی سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔