پشاور: پاکستان کے شمالی وزیرستان کے علاقے میرالی قصبے کے قریب جمعرات کی رات نامعلوم حملہ آوروں نے جمعیت علمائے اسلام۔فضل (جے یو آئی-ف)کے مقامی رہنما اور ان کے ساتھی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ۔ مقامی لوگوں اور حکام نے بتایا کہ قاری سمیع الدین اور ان کے ساتھی حافظ نعمان داوڑ ایدیک گاو¿ں میں اپنے گھر جا رہے تھے کہ بیچی روڈ پر ان کی گاڑی پر گھات لگا کر حملہ کیا گیا۔ دونوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ رشتہ داروں نے بتایا کہ قاری سمیع کا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں تھا۔
ان کی آخری رسومات مدرسہ میں ادا کی گئیں۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران شورش زدہ ضلع میں جے یو آئی ایف کی قیادت پر یہ دوسرا ٹارگٹ حملہ ہے۔ پیر کو بھی نامعلوم مسلح افراد نے ایڈک گاو¿ں کے رہائشی پارٹی کے منتخب کونسلر ملک مرتضی کو قتل کر دیا تھا۔ وہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے دوران کونسلر منتخب ہوئے تھے۔ قاری سمیع جے یو آئی ف کے میرالی سب ڈویژن کے سربراہ تھے۔
انہوں نے پی کے 111 سے پارٹی ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا۔مقتول مقامی سیاست میں سرگرم تھا اور ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو سنبھالنے پر اکثر انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر تنقید کرتا تھا۔ آرمی کے جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل نعیم اختر نے ایک بیان میں قتل کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے قاری سمیع کو خطے میں امن کے لیے ایک مضبوط آواز قرار دیا اور قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اظہار کیا۔