اسلام آباد: ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان نے کالعدم جماعت الدعویٰ کے سرغنہ اور 2008ممبئی دہشت گردانہ حملہ کے کلیدی ملزم حافظ سعید اور اس کے چار قریبی ساتھیوں کے بینک کھاتے بحال کر دیے۔
حافظ سعید کو،جسے اقوام متحدہ نے عالمی دہشت گرد قرار دے رکھا ہے اور امریکہ نے اس کے سرپر 10ملین ڈالر انعام رکھا ہوا ہے ،گذشتہ سال دہشت گردی مالی اعانت کیسوں میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اسے اس سال فروری میں ایک انسداد دہشت گردی عدالت نے دو دہشت گردی مالی اعانت کیسوں میں 11سال کی قید کی سزا سنائی تھی۔
اسے لاہور کے نہایت حفاظتی بندوبست والی کوٹ لکھپت جیل میں رکھا گیا تھا۔ اس کے ساتھ جن چار افراد کے بینک کھاتے بحال کیے گئے ہیں وہ جماعت الدعویٰ اور لشکر طیبہ کے اراکین عبد السلام بھٹاوی، حاجی ایم اشرف ،یحییٰ مجاہد اور ظفر اقبال ہیں۔
روزنامہ دی نیوز کے مطابق یہ چاروں پنجاب کے انسداد دہشت گردی محکمہ کی جانب سے دائر کیے گئے دہشت گردی مالی اعانت کیسوں میں ایک تا5سال کی سزا کاٹ رہے ہیں اور یہ چاروں بھی کوٹ لکھپت جیل میں ہی ڈالے گئے ہیں۔ اخبار کے مطابق یہ بینک کھاتے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیاں کمیٹی کی باقاعدہ منظوری کے بعد بحال کیے گئے ہیں۔
ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دی نیوز نے مزید بتایا کہ ان پانچوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی تھی کہ وہ ان کے بینک کھاتے بحال کردے تاکہ وہ اپنے اہل و عیال کے مالی اخراجات اٹھا سکیں۔
ایک سینیئر جماعت الدعویٰ لیڈر کے حوالے سے دی نیوز نے لکھا کہ ”ابتدا میں ہم اپیل نہیں کرنا چاہتے تھے لیکن بعد میں انہیں ایسا کرنے کہا گیا تاکہ ان کے غائبانہ میں ان کے اہل و عیال کو مالی پریشانیوں سے دوچار نہ ہونا پڑے اور جیل میں بند لیڈر بھی اپنی ضرورتیں پوری کر سکیں۔
