Pakistan, Saudi Arabia to discuss kingdom's $3 billion depositتصویر سوشل میڈیا

اسلام آباد:(اے یو ایس ) پاکستان اور سعودی عرب کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک پاکستان کے مرکزی بینک میں سعودی عرب کے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع یا دیگر آپشنز کے ذریعے اس میں اضافے کے امکان پر تبادلہ خیال کریں گے۔گزشتہ سال سعودی عرب نے پاکستان کے غیر ملکی ذخائر کی معاونت کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں 3 ارب ڈالر جمع کرائے تھے، بڑھتے ہوئے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور غیر ملکی ذخائر 10 ارب 80 کروڑ ڈالر تک گرنے کے ساتھ ملک کو بیرونی مالیات کی اشد ضرورت ہے۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے خام تیل کی مصنوعات اور تیل سے تیار اشیا کی برآمدات کے لیے مالی اعانت کے معاہدے میں توسیع کے سعودی فیصلے کا بھی خیر مقدم کیا۔یہ بیان پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کے بعد سامنے آیا ہے، جہاں انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔

پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں سعودی عرب نے پاکستان اور اس کی معیشت کے لیے اپنی مسلسل حمایت کی تصدیق کی ہے جس میں مرکزی بینک کے ساتھ 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع یا کسی اور صورت میں بڑھانے کے بارے میں بات چیت، پیٹرولیم مصنوعات کی فنانسنگ کو مزید بڑھانے کے لیے آپشنز پر غور اور پاکستان اور اس کے عوام کے فائدے کے لیے اقتصادی ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی حمایت کرنا شامل ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے مسلسل بھرپور حمایت کو سراہتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *