پشاور: پاکستانی فوج کے ذرائع کے مطابق افغانستان کی سرحد سے متصل پاکستان کے شورش زدہ ضلع شمالی وزیرستان میں نامعلوم دہشت گردوں نے سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس میں دو فوجی ہلاک ہوگئے۔ فوج کے میڈیا یونٹ نے ہفتے کے روز بتایا کہ یہ حملہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں ہوا۔ حملہ آور سیکورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔فوج نے ایک بیان میں کہا کہ فوجیوں کی موت فائرنگ کے دوران ہوئی۔
کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ 9 نومبر سے نافذ ہونے والی جنگ بندی کے دوران سیکورٹی فورسز پر یہ تیسرا حملہ ہے۔ پہلے دو حملوں میں، دہشت گردوں نے صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں دو پولیس اہلکاروں اور ضلع ٹانک میں ایک فوجی کو ہلاک کیا تھا۔پاکستان کی حکومت اور کالعدم دہشت گرد گروپ تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) نے رواں ماہ ملک میں پائیدار امن کے حصول کے لیے مزید بات چیت کے لیے ایک ماہ کی جنگ بندی پر اتفاق کیا۔ ٹی ٹی پی ایک دہائی سے زائد عرصے سے پاکستان میں مختلف حملوں میں ملوث رہی ہے۔
