پشاور:(اے یوایس ) کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے یکطرفہ طور پر گذشتہ ایک ماہ سے جاری جنگ بندی کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان نے ان فیصلوں پر عمل درآمد نہیں کیا جن پر اتفاق ہوا تھا۔
گذشتہ رات کالعدم تنظیم تحریک طالبان کے ترجمان محمد خراسانی کی جانب سے میڈیا کو جاری پیغام میں جنگ بندی ختم کرنے کے فیصلے کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا گیا کہ’حکومت پاکستان کی جانب سے اس ایک ماہ میں مذاکرات کی کامیابی کے لیے کوئی کوشش نہیں کی گئیں اس لیے جنگ بندی جاری رکھنا اب ممکن نہیں ہے۔’حکومت پاکستان کی جانب سے اب تک اس معاملے پر کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔ بی بی سی نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے بھی اس معاملے پر رابطہ کیا لیکن ابھی تک ان کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ کالعدم تحریک طالبان سے مذاکرات کے بارے میں سب سے پہلے وزیر اعظم عمران خان نے ایک انٹرویو میں گفتگو کی تھی جس کے بعد یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ افغان طالبان ثالثی کا کاردار ادا کر رہے ہیں۔اس کے بعد کالعدم تحریک طالبان اور حکومت پاکستان دونوں کی جانب سے مذاکرات کی تصدیق کی گئی اور گزشتہ ماہ ٹی ٹی پی نے جنگ بندی کا اعلان بھی کیا تھا۔کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے یکطرفہ طور پر گزشتہ ایک ماہ سے جاری جنگ بندی کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان نے ان فیصلوں پر عمل درآمد نہیں کیا جن پر مزاکرات کے دوران اتفاق ہوا تھا۔
