بیجنگ:(اے یو ایس) چین نے عوامی سطح پر استعمال کے لیے پہلی کرونا وائرس ویکسین کی منظوری دے دی ہے جو سرکاری سرپرستی میں کام کرنے والی دوا ساز کمپنی ‘سائنو فارم’ نے تیار کی ہے۔حکومتِ پاکستان نے بھی مذکورہ ویکسین کی 12 لاکھ خوراکیں خریدنے کا آرڈر دے دیا ہے۔
پاکستان کے وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے جمعرات کو ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ کابینہ کمیٹی نے ابتدائی طور پر ‘سائنو فارم’ سے ویکسین کی 12 لاکھ خوراکیں حاصل کرنے کی منظوری دی ہے جو 2021 کی پہلی سہ ماہی تک طبی ورکرز اور دیگر فرنٹ لائن کارکنوں کو ترجیحاً لگائی جائے گی۔فواد حسین کا یہ بھی کہنا ہے کہ نجی شعبہ اگر کوئی اور بین الاقوامی طور پر منظور شدہ ویکسین درآمد کرنا چاہتا ہے تو اسے اس کی بھی اجازت ہو گی۔
پاکستان نے رواں ماہ کے اوائل میں کرونا ویکسین کی خریداری کے لیے 15 کروڑ ڈالرز مختص کیے تھے۔خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق چینی کمپنی کی تیار کردہ ویکسین کے مو¿ثر ہونے سے متعلق کوئی معلومات عوام کے لیے جاری نہیں کی گئیں۔تاہم سائنو فارم کے ایک یونٹ بیجنگ بائیولوجیکل پروڈکٹس انسٹی ٹیوٹ نے بدھ کو جاری بیان میں کہا کہ عبوری ڈیٹا کے مطابق ان کی تیارکردہ ویکسین لوگوں کو بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے 79 فی صد تک مو¿ثر ہے۔
ویکسین کی منظوری کا اعلان چین کے نیشنل میڈیکل پروڈکٹس ایڈمنسٹریشن نے کیا۔چین نے یورپ اور امریکہ کے علاوہ بعض دیگر ممالک کے برعکس سرکاری طور پر ویکسین کے استعمال کی تاحال منظوری نہیں دی تھی۔ تاہم جولائی میں لازمی سروس ورکرز اور زیادہ خطرات سے دوچار افراد کے لیے ہنگامی طور پر تین ویکسینز کی خوراکیں لگانے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا تھا۔ نومبر کے آخر تک حکام کے مطابق 15 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی گئی۔
چین میں پانچ ویکسینز پر کام ہو رہا ہے جن میں سرکاری طور پر منظور کی گئی ‘سائنو فارم’ کے علاوہ سائنوویک، سی این بی جی یونٹس، کین سائنو بائیولوجکس اور چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کی تیارکردہ ویکسینز شامل ہیں۔کرونا وائرس ایک سال قبل چین کے شہر ووہان کی مارکیٹ سے پھیلا تھا جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے کر معمولاتِ زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔اخبار ‘ساو¿تھ چائنا مارننگ پوسٹ’ کی رپورٹ کے مطابق چین فروری میں قمری سال کی تعطیلات سے پہلے ترجیحی بنیادوں پر پچاس ملین افراد کی ویکسی نیشن کرے گا۔چین کے شعبہ صحت کے حکام نے عوام سے ویکسی نیشن مہم میں بڑھ چڑھ کرحصہ لینے کی اپیل کی ہے۔