نئی دہلی: جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے قریب پاکستانی لڑاکا طیارے کی مشتبہ سرگرمیاں دیکھی گئیں۔ ایک افسر نے بتایا کہ پاکستانی لڑاکا طیارہ دیکھا گیا۔
پونچھ سیکٹر میں دھویں کی لکیر بھی دکھائی دی ہے۔ حالانکہ انہوں نے یہ تبصرہ نہیں کیا کہ یہ ایئر فیلڈ کی خلاف ورزی ہے یا نہیں۔عہدیدار نے بتایا کہ یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ یہ حقیقت میں کس قسم کا جیٹ تھا۔ انہوں نے کہا کہ جیٹ طیاروں کی سرگرمیوں کے بعد الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
اس بات کا پتہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ غلطی سے ہوا ہے یا کسی سازش کے تحت پاکستان نے ایسا کیا ہے۔فوج کے ذرائع کے مطابق ، یہ واقعہ پیر کی صبح پیش آیا۔ سرحد کے ساتھ تعینات فوجیوں نے لائن آف کنٹرول کے قریب جیٹ کی آواز سنی۔ اس کے ساتھ ہی آسمان پر دھویں کی لکیر بھی دیکھی گئی۔
طیارہ لائن آف کنٹرول کے قریب سے گزرا اور غائب ہوگیا۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ جیٹ پر کسی طرح کا کوئی جاسوسی آلہ نصب تھا یا نہیں۔ اس کارروائی کے بعد ، سرحد پر تعینات فوجیوں اور لائن آف کنٹرول سے متصل دیہات میں رہنے والے لوگوں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔