اٹاری ۔واگہہ(پنجاب): متعدد پاکستانی شہری جو کوویڈ 19-لاک ڈاؤن کے باعث ہندوستان میں پھنس گئے تھے جمعرات کے روز اٹاری واگہہ سرحد کے راستے پاکستان واپس روانہ ہو گئے۔
وطن واپس جانے والے پاکستانی شہریوں میں سے ایک سلمیٰ چودھری نے ، جو لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہندوستان میں پھنس گئی تھی، کہا کہ کورونا وبا کے سبب انہیں کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑا لیکن وہ وزارت خارجہ اور پاکستانی ہائی کمیشن واقع نئی دہلی کی مشکور و ممنون ہیں کہ انہوں نے میری ہر طرح سے مدد کی۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے پاسپورٹ کی تجدید کرانے مارچ میں15روز کے لیے آئی تھیں کہ لاک ڈاؤن ہو گیا اور مجھے ہندوستان میں ہی رکنا پڑا۔ مجھے کچھ پریشانیاں بھی اٹھانا پڑیں لیکن اب آخر کار آج میں وطن واپس جا رہی ہوں۔ میں ہندوستانی وزارت خارجہ اور پاکستان ہائی کمیشن کی شکر گذار ہوں کہ انہوں نے میری ہر طرح سے مدد کی۔
کراچی کی رہائشی سلمیٰ نے مزید کہا کہ وہ ایک ہندوستانی خاتون ہیں اور پاکستانی شہری سے ان کی شادی ہوئی تھی۔ میرا کنبہ بشمول میرے شوہر اور سا ت سالہ بیٹا پاکستان میں رہتے ہیں۔ مجھے نہایت درجہ مسرت ہو رہی ہے کہ میں کئی مہینوں بعد اپنے گھر جا رہی ہوں اور ان لوگوں سے میری پھر ملاقات ہو گی۔
واضح ہو کہ تقریباً 250پاکستانی شہری مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، راجستھان کے مختلف شہروں اور دہلی آئے تھے اور کورونا وائرس وبا کے پھیلنے کی روشنی میں کیے گئے لاک ڈاؤن میں سفری بندشوں کے باعث پاکستان واپس نہیں جا سکے تھے ۔
کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن کر دیے جانے کے بعد لاکھوں پاکستانی شہری امریکہ، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سمیت مختلف ممالک میں پھنس گئے تھے۔