اسلام آباد:(اے یو ایس ) پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے یوکرین میں انسانی صورت حال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا اور دشمنی کے فوری خاتمہ پر زور دیا۔وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ٹیلی فونی گفتگو میں کیا ۔پاکستانی وزیرِ اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے یوکرین کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے یوکرین میں جنگ جاری رہنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ یوکرین تنازع بات چیت کے ذریعے حل ہو۔
وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ مسلسل انتباہ کر رہے ہیں کہ اس تنازع کے عالمی اثرات مرتب ہوں گے جب کہ ترقی پذیر ممالک میں تیل اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہو گا۔عمران خان نے بتایا کہ یوکرین تنازع کے بعد پاکستان نے یوکرینی عوام کی مدد کے لیے امدادی سامان پر مشتمل دو سی 130 طیارے بھجوائے ہیں۔اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے یوکرین سے پاکستانیوں کے انخلا میں تعاون پر یوکرینی صدر کا شکریہ ادا کیا۔
