یروشلم:(اے یوایس) اسرائیل کی جیل میں 14 سال سے قید فلسطینی قیدی کی اچانک موت واقع ہوگئی۔ فلسطینی قیدیوں کے ایک معاون گروپ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جیل میں قید فلسطینی قیدی کی موت کی اب تک کوئی وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔
قیدیوں کے امور سے متعلق کمیشن کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے سے تعلق رکھنے والا 45 سالہ فلسطینی قیدی تل ابیب کی جیل میں قید تھا جس کی موت بدھ کے روز ہوئی جب کہ اسے منگل کے روز کورونا وائرس کی ویکسین بھی دی گئی تھی۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ فلسطینی قیدی 6 بچوں کا باپ تھا اور اسے پہلے سے بھی کچھ بیماریاں لاحق تھیں لہٰذا اس کی موت کی کوئی خاص وجہ اب تک سامنے نہیں آسکی ہے تاہم قیدی کی موت کی وجوہات کا پتا چلایا جائیگا۔
فلسطینی قیدیوں سے متعلق گروپوں نے اسرائیل کو قیدی کی موت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی جیل میں قید تمام فلسطینیوں کی زندگی اور صحت کی ذمہ داری اسرائیل کی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی جیل میں جاں بحق ہونے والا فلسطینی قیدی 2006 سے قید میں تھا اور اپنی 25 سالہ قید کاٹ رہا تھا۔