نئی دہلی: ٹی وی کی دنیا کا متنازعہ ریلٹی شو ’ بگ باس سیزن 4 کے ہندی ورزن میں نظر آچکی مشہور ہالی وڈ اداکارہ و ماضی کی بولڈ ماڈل پامیلا اینڈرسن نے گزشتہ ماہ 20 جنوری کو اپنے پرانے عاشق فلم پروڈیوسر 74 سالہ جان پیٹرس سے اچانک پانچویں شادی کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔

52 سالہ پامیلا اینڈرسن نے اگرچہ فلمی کیریئر کا آغاز 1991 کی فلم ’دی ٹیکنگ آف بیورلی ہلز‘ سے کیا تھا تاہم انہوں نے ماڈلنگ کا آغاز 1980 سے قبل ہی شروع کردیا تھا۔فلمی کیریئر کے آغاز سے قبل ہی پامیلا اینڈرسن نے بولڈ اور خوبصورت انداز کی وجہ سے کئی فلم سازوں کی توجہ حاصل کی تھی اور انہوں نے جن افراد سے آغاز میں ہی تعلقات استوار کیے تھے ان میں جان پیٹرس بھی شامل تھے۔

جان پیٹرس اس وقت بھی فلموں کو پروڈیوس کرتے تھے اور انڈسٹری میں ان کا اچھا نام تھا تاہم اس باوجود پامیلا اینڈرسن کے تعلقات ان کے ساتھ رشتے میں تبدیل نہیں ہوسکے۔اگرچہ جان پیٹرس اور پامیلا اینڈرسن 35 سال سے ایک، دوسرے کو جانتے ہیں اور اس دوران ایک دوسرے سے ملتے بھی رہے تاہم ان کی شادی نہ ہوپائی تھی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ 35 سال میں دونوں نے چار چار شادیاں کیں مگر دونوں کی تمام شادیاں طلاق پر ہی ختم ہوئیں۔

پامیلا اینڈرسن نے بھی پرانے دوست جان پیرٹس سے پانچویں شادی کرنے سے قبل 4 شادیاں کیں جو طلاق پر ختم ہوئی تھیں۔چار شادیوں کی ناکامی کے بعد پامیلا اینڈرسن نے کچھ وقت تنہا گزارنے کے بعد اپنے 35 سالہ پرانے دوست فلم ساز جان پیٹرس سے تعلقات استوار کیے اور وہ ان سے ملاقات کرتے ہوئے دکھائی دیں۔دونوں نے نیا سال شروع ہوتے ہی 20 جنوری 2020 کو اچانک شادی کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پامیلا اینڈرسن کی طرح جان پیٹرس کی بھی یہ پانچویں شادی تھی، ان کی بھی پہلی چاروں شادیاں طلاق پر ختم ہوئیں۔تاہم دونوں کی پانچویں شادی بھی ناکام ہوگئی اور وہ محض 12 دن بعد طلاق پر ختم ہوئی۔شوبز نشریاتی ادارے ’ہولی وڈ رپورٹر‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ پامیلا اینڈرسن اور جان پیٹرس نے شادی کے 12 دن بعد ہی ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کرلی اور دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی۔

رپورٹ میں پامیلا اینڈرسن کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اداکارہ نے خود اپنی طلاق کی تصدیق کی۔رپورٹ میں اداکارہ کی جانب سے نظم کی صورت میں جاری کیے گئے بیان کو بھی شائع کیا گیا جس میں پامیلا اینڈرسن نے جان پیٹرس کو بہترین شخص قرار دیا۔

پامیلا اینڈرسن نے اپنی نظم میں بتایا کہ اگرچہ ان دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی ہے تاہم پھر بھی وہ ایک دوسرے سے ملتے رہیں گے اور ایک دوسرے کی عزت کرتے رہیں گے۔اداکارہ نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ان دونوں کے درمیان 35 سال سے تعلقات ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *