نئی دہلی: صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے یوم آئین کے موقع پر تمام عوامی نمائندوں سے اختلافات کوبھلا کر قومی مفاد اور عومی خدمات کے حقیقی مقصد کے لئے کام کرنے کی اپیل کی۔ رام ناتھ کووند نے آئین کی 72 ویں سالگرہ کے موقع پر پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں منعقدہ یوم آئین پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیہی مجلس، اسمبلی اور پارلیمنٹ کے منتخب نمائندوں کی صرف ایک ترجیح ہونی چاہئے۔ وہ ترجیح ہے اپنے علاقے کے تمام لوگوں کی فلاح و بہبود اور ملک کے مفاد میں کام کرنا۔ انہوں نے کہا کہ نظریات میں اختلاف ہو سکتا ہے ، لیکن کوئی اختلاف اتنا بڑا نہیں ہونا چاہیے کہ عوامی خدمت کے اصل مقصد میں رکاوٹ پیدا کرے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اس موقع پر خاندان پرمبنی سیاسی جماعتوں کو جمہوریت کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی میں ملوث لوگوں کی عزت افزائی نوجوانوں کو غلط راستے پر چلنے کے لئے اکساتی ہے۔۔ انہوں نے یوم آئین کے موقع پر پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں منعقد اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سے کنیا کماری تک ہندوستان کے ہر حصے میں خاندان پر مبنی سیاسی جماعتوں کا غلبہ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جمہوریت کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔ اس کے لیے ملک کے باشندوں کو بیدارکرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ ایک ہی خاندان کے کئی افراد کی سیاست میں شمولیت کے خلاف نہیں ہیں لیکن یہ قابلیت کی بنیاد پرہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خاندانی سیاسی جماعتیں اپنا جمہوری کردار کھو چکی ہیں،اس لیے ان سے جمہوری نظام کے تحفظ کی امید نہیں کی جا سکتی۔