نئی دہلی:ہندی سنیما کے معروف فلمساز انوراگ کشیپ کے خلاف ‘ریپ ‘ کیس میں نام لیے جانے پربالی وڈ اداکارہ ریچاچڈھا کی جانب سے دائر ہرجانے کے مقدمے میں اداکارہ پائل گھوش نے معافی مانگنے سے انکار کردیا۔
واضح رہے کہ اداکارہ ریچا نے پائل گھوش پر ’ریپ‘ واقعے کو بیان کرنے میں اپنا نام لینے پر ایک کروڑ 10 لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے۔ہرجانے کے مقدمے میں پائل گھوش سمیت ایک نیوز چینل اور نام نہاد فلمی ناقد آر کمال کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
اداکارہ پائل گھوش نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی مختلف ٹوئٹس میں ریچا چڈھا کی جانب سے دائر کردہ ہتک عزت کے دعوے پر ردعمل دیا۔پنک ولا کی رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے کہا کہ ان کا ریچا چڈھا سے کوئی لینا دینا نہیں اور خواتین ہونے کے ناطے دونوں کو ایک دوسرے کو سمجھنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس معاملے میں اپنے یا ر یچا چڈھا کے خلاف غیردانستہ طور پر کوئی ہراسانی نہیں چاہتیں۔
پائل گھوش کا کہنا تھا کہ انصاف کے لیے ان کی جنگ انوراگ کشیپ کے خلاف ہے۔ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ وہ کسی سے معافی نہیں مانگیں گی، میں نے غلط نہیں کیا نہ ہی کسی کے بارے میں غلط بیان دیا ہے۔پائل گھوش نے کہا کہ انہوں نے وہ کہا جو فلم ساز انوراگ کشیپ نے انہیں بتایا تھا۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ریچا چڈھا کی جانب سے مقدمہ دائر کیے جانے کے بعد بومبے ہائی کورٹ کو بتایا گیا تھا کہ پائل گھوش معذرت کرنا چاہتی ہیں اور اپنا بیان واپس لینے کی خواہش مند ہیں۔
