کٹک: کانٹے کے مقابلہ میں ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کو 4وکٹ سے شکست دے کر تین ون ڈے میچوں کی سریز 2-1سے جیت لی۔

کپتان وراٹ کوہلی کو مین آف دی میچ اور روہت شرما کو مین آف دی سریز قرار دیا گیا۔ 316رنز کے تعاقب میں ہندوستان کی اننگز اگرچہ کافی نشیب و فراز کا شکار رہی اور قسمت کی دیوی کبھی ویسٹ انڈیز کے خیمے کو گدگداتی رہی تو کبھی ہندوستانی خیمے میں خوشی کی لہر دوڑاتی رہی اور آخر کار اس نے ہندوستانی خیمے میں ہی اس وقت ڈیرہ ڈال لیا جب ٹیل اینڈر شردل ٹھاکر نے کیمو پال کے اس کامیاب اوور کا،جس کی پہلی ہی گیند پر انہوں نے وراٹ کوہلی کو پویلین واپس بھیجا ،اگلی گیند کو کسی منجھے ہوئے بلے باز کی طرح ڈرائیو کر کے کور باؤنڈری کی سیر پر روانہ کر کے استقبال کیا۔

اگلے ہی اوور میں شردل ٹھاکر نے لگاتار گیند پر چھکا اور چوکا لگا یا اور اونٹ کو ہندوستان کی جانب کروٹ لینے اور قسمت کی دیوی کو ویسٹ انڈیز کی ٹیم پر دور کھڑی رہ کرہی مسکراتے رہنے پر مجبور کر دیا۔حالانکہ روہت شرما اور لوکیش راہل نے ہاف سنچریوں اور افتتاحی وکٹ کی پارٹنر شپ میں سنچری بنا کر میچ کو یکطرفہ ہونے کی راہ پر ڈال دیا ۔جسے کوہلی اور راہل نے 45رنز کی پارٹنر شپ کر کے برقرار رکھا لیکن ویسٹ انڈیز کے بولروں نے اچانک ہی پانسہ پلٹ دیا اور ابھی ہندوستان منزل سے 88رنز دور تھا کہ اس کی نصف ٹیم پویلین واپس جا چکی تھی اور ویسٹ انڈیز کے بولروں کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا۔اور جب 47ویں اوور میں کوہلی بھی میدان چھوڑ گئے تو ویسٹ انڈیز سریز پر قبضہ کے قریب پہنچتا نظر آنے لگا ۔لیکن شردل ٹھاکر نے ویسٹ انڈیز کا خواب پورا نہ ہونے دیا اور 48.4اووروں میں ہدف پورا کر کے ہندوستان کو سریز جتوا کر ہی دم لیا۔

ہندوستانی اننگز میںوراٹ کوہلی 81گیندوں پر 9چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے85رنز بنا کر مین آف دی میچ قرار دیے گئے، جبکہ راہل نے 89بالوں پر 77رنز بنائے اور8چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ روہت نے بھی اتنے ہی چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے63گیندوں رپ 63رنز بنائے۔رویندر جڈیجہ 31گیندوں پر 4چوکوں کی مدد سے39رنز اور شردل ٹھاکر 6گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ17رنز بنا کر غیر مفتوح واپس آئے۔کیمو پال تین وکٹ لے کر ویسٹ انڈیز کی طرف سے کامیاب بولر رہے ۔جبکہ کوٹریل،ہولڈر اور جوزف کو ایک ایک وکٹ ملی۔اس سے قبل ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50اووروں میں 5وکٹ لے کر 315رنز بنائے۔

نکولس پورن اور کپتان کیران پولارڈ نے پانچویں وکٹ کے لیے صرف 96بالوں پر 135رنز کی پارٹنر شپ کر کے ویسٹ انڈیز کو ایک معمولی اسکور پر آؤٹ ہونے سے بچالیا۔ ورنہ ایک موقع پر 32اووروں میں ویسٹ انڈیز 144رنز پر چوٹی کے چار بلے بازوں سے محروم ہو گیا تھا۔ پورن نے 64گیندوں پر 10چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے89، پولارڈ نے 51گیندوں پر 3چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 74، ہوپ نے 50گیندوںپر پانچ چوکوں کی مدد سے42، چیزنے48گیندوں پر 3چوکوں کے ساتھ38اور ہٹمائر نے 33بالوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے37رنز بنائے۔ہندستان کی جانب سے ڈیبو کرنے والے فاسٹ بولر نودیپ سینی نے دو وکٹ لیے جبکہ محمد شامی، شردل ٹھاکر اور جڈیجہ کو ایک ایک وکٹ ملی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *