پشاور: (اے یو ایس ) خیبر پختونخوا کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے دعوی کیا ہے کہ پشاور کے معروف قصہ خوانی بازار کی گلی کوچہ رسالدار میں شیعہ مسلک کی مرکزی جامع مسجد میں تین مارچ کو ہونے والے خود کش حملے کے ماسٹر مائنڈ کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پشاور میں کوچہ رسالدار گلی میں ہونے والے خود کش حملے میں 66 افراد ہلاک اور 130 زخمی ہوئے تھے۔
خیبر پختونخوا کے محکمہ انسداد دہشت گردی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ 14 اپریل کی صبح محکمہ انسداد دہشت گردی اور حساس اداروں کو مصدقہ اطلاع ملی کہ تھانہ پشتخرہ کے علاقے میں دہشت گرد خود کش بمبار کو لا کر ایک اہم ٹارگٹ کے لیے تیار کئے ہوئے ہے۔پریس ریلیز کے مطابق جائے وقوعہ پر سی ٹی ڈی ٹیم اور سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد جوابی کارروائی میں دو دہشت گرد ہلاک اور تین سے چار فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
