بھونیشور:(اے یو ایس )اڑیشہ کے بھونیشور میں راج بھون کے پاس انڈین آیل کارپوریشن کے ایک پٹرول پمپ پر بدھ کو ہونے والی بھیانک آتشزدگی میں جھلس جانے والے تمام8 افراد کا مفت علاج کرنے کا حکم جاری کیا گیاہے۔ ریاستی وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک نے حکم دیا کہ زخمیوں کاعلاج ومعالجہ مفت کیا جائے ۔
انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعابھی کی۔ کیپیٹل اسپتال کے اسپتال کے ڈائریکٹر ایل ڈی ساہو نے بتایا کہ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں کٹک کے ایس سی بی میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ باقی زخمیوں کا ان کے اسپتال میں علاج کیا جارہا ہے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ آگ بجھانے کے لئے فائر بریگیڈ کی تین گاڑیاں بلائی گئی تھیں۔ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ کمشنر آف پولیس ایس ایس سارنگی نے بتایا کہ ہماری ترجیح آگ کو پٹرول اور ڈیزل سے بھرے دو دیگر ٹینکوں تک پہنچنے سے روکنے کی ہے۔
انہوں نے آئی او سی سے انڈین آیل کارپوریشن فوری طور پر دونوں ٹینکروں سے تیل نکالنے کے اقدامات کرنے کو کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے کی آواز آئی اور محسوس ہوا کہ زمین لرز اٹھی ۔
مقامی اطلاعات کے مطابق پٹرول پمپ پر تیز آگ لگنے کی وجہ سے آس۔پاس کی دکانیں بھی متاثر ہوئیں۔ بھونیشور کے ڈی سی پی اما شنکر داس کے مطابق آس۔پاس کے علاقے کو احتیاطاً خالی کرا لیا گیا ہے۔