راولپنڈی: پاکستان کی درخواست پر سعودی حکام نے پاکستان انٹرنیشنل ایر لائنز (پی آئی اے) کو اجازت دے دی کہ وہ 17مارچ تک سعودی عرب میں پھنسے معتمرین اور دیگر مسافروں وطن واپس لے جائے۔اس ضمن میں سعودی حکام کی جانب سے جاری کیے گئے ایک سرکلر میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کی جدہ اور مدینہ سے پاکستان رخی پروازیں 19مارچ تک جاری رہیں گی۔ سعودی حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر پاکستان سے سعودی عرب آنے والی تمام پروازیں 15مارچ سے دو ہفتہ کے لیے معطل کر دی تھیں۔ہفتہ کو شہری ہوابازی اتھارٹی نے سعودی عرب حکام سے درخواست کی کہ پی آئی اے اور سعودی ایرلائنز کو 25مارچ تک دونوں ممال کے درمیان پروازیں جاری رکھنے کی اجازت دی جائے تاکہ مسافروںکو ان کے مستقر تک پہنچایا جا سکے۔ پی آئی اے کے ترجمان عبد اللہ حفیظ نے کہا کہ قومی ایرلائنز 13تا15مارچ 65پروازیں سعودی عرب بھیج کر 17ہزار 184مسافروں کو وطن واپس لا چکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سعودی حکام نے پی آئی اے کو17مارچ تک جدہ اور مدینہ تک اپنی پروازیں جاری رکھنے کی خصوصی اجازت دے دی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ 17مارچ تک ہمارا کام مکمل ہوجائےگا جبکہ مملکت سے پرواز بھرنے والی سعودی ایر لائنز کی پرواز19ماچ کو علی الصباح پاکستان پہنچے گی۔سعودی عرب میں پھنسے تمام پاکستانیوں سے التماس کیا گیا ہے کہ وہ اپنے قریب ترین واقع پی آئی اے بکنگ دفتر سے رابطہ کریں تاکہ انہیں مہلت ختم ہونے سے پہلے واپس لایا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *