منامہ: وزیر اعظم پاکستان عمران خان دو شنبہ کو بحرین پہنچ گئے۔ وزیر اعظم بننے کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ بحرین ہے۔ہوائی اڈے پر ان کے استقبال کے لیے ولیعہد شہزادہ سلمان بن حماد بن عیسیٰ الخلیفہ موجود تھے۔

عمران خان کو گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔ پاکستان کی وزارت خارجہ سے جاری ایک بیان میں کہاگیا کہ وزیر اعظم نے ولیعہد شہزادہ سلمان بن حماد سے ملاقات بھی کی جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ امور اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان شاہ بحرین حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کی جانب سے بحرین کے قومی دن تقریبات میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کے لیے مدعو کیے جانے پر بحرین کا دورہ کر رہے ہیں۔اس موقع پر وزیر اعطم کو بحرین کے اعلیٰ ترین شہری اعزا سے بھی سرفراز کیا جائے گا۔

وزیر اعظم کے ہمراہ غیر اقامتی پاکستانی شہریوں کے امور سے متعلق خصوصی معاون ذوالفقار بخاری بھی بحرین گئے ہیں۔ توقع ہے کہ دورے کے دوران وزیر اعظم شاہ بحرین سے بالمشافہ ملاقات نیز ولیعہد شہزادہ سے وفد سطح کے مذاکرات کریں گے۔ان ملاقاتوں میں وزیر اعظم دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی و بین الاقوامی معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *