دوحہ: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے آج اپنے ایک روزہ دورہ قطر کے دوران قطر کے دارالخلافہ دوحہ میں امیر قطر شیخ تمیم بن حماد التھانی سے ملاقات کی۔ریڈیو پاکستان کے مطابق غیر اقامتی پاکستانیوں کے امور سے متعلقوزیر اعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری اور وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے پٹرولیم ندیم بابر بھی وزیر اعظم کے ہمراہ قطر گئے ہیں۔اس سے قبل ان کے ہوائی اڈے پہنچنے پر قطر کے وزیر توانائی سعد شریدة الکعبی نے نے وزیر اعظم کو خوش آمدید کہا۔وزیر اعظم کے دورے کا مقصد دو طرفہ تعاون کو فروغ اور استحکام دینا اور علاقائی حالات پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔وزیر اعظم کا دورہ پاکستان دوحہ میں امریکہ طالبان امن معاہدے پر دستخط سے دو روز قبل کیا جا رہا ہے۔ پاکستان اور قطر کے درمیان مبنی بر اعتماد و مفاہمت گہرے اور خوشگوار تعلقات ہیں ۔ وزیر اعظم عمران خان کا وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ دوسرا دورہ قطر ہے۔ گذشتہ سال جون میں امیر قطر نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا۔جس کے بعد مختلف شعبوں میں دو طرفہ اقتصادی اشتراک کو استحکام ملا تھا۔ اور عمران خان کے دورےسے اس عمل کو مزید تقویت پہنچے گی۔