نئی دہلی: ہندوستان نے نیپالی پارلیمنٹ کو اچانک تحلیل کرنے اور دوبارہ پارلیمانی انتخابات کروانے کے نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما اولی کے فیصلے کو ہمسایہ ملک کا اندرونی معاملہ قرار دیتے ہو ئے کہا کہ وہ پڑوسی ملک اور اس کے عوام کی امن ، خوشحالی اور ترقی کی راہ پر آگے بڑھنے میں حمایت جاری رکھے گا۔
میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ شریواستو نے کہا کہ ہم نے نیپال میں تازہ ترین سیاسی واقعات کا جائزہ لیا ہے۔ یہ نیپال کا اندرونی معاملہ ہے اور اسے اپنے جمہوری عمل کے تحت فیصلہ لینا ہے۔
نیپال میں تیزی سے بدلتی ہوئی سیاسی صورت حال کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے یہ تبصرہ کیا۔شریواستو نے کہا کہ ایک ہمسایہ اور خیر خواہ کی حیثیت سے ہندوستان- نیپال اور اس کے عوام کو امن ، خوشحالی اور ترقی کے راستے پر حمایت کرنی جاری رکھے گا۔
اہم بات یہ ہے کہ اتوار کے روز صدر ودیا بھنڈاری نے وزیر اعظم اولی کی سفارش پر ایوان نمائندگان کورد کردیا اور وسط مدتی انتخابات کا اعلان کیا تھا۔