نئی دہلی: کورونا وائرس وبا کے سائے میں شروع پارلیمانی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے سرحد پر تعینات سپاہیوں کی خدمات اور فرض شناسی کو سراہا اور کہا کہ پورا ملک اور ہر رکن پارلیماں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔وزیر اعظم نے پارلیمانی اجلاس میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ”کورونا بھی ہے اور ذمہ داری بھی ہے“۔
مودی نے مزید کہا کہ بہت جلد موسم سرما آنے والا ہے اور برفباری شروع ہونے والی ہے۔لیکن ایسے سخت اور خون منجمد کرنے والے سردترین موسم میں بھی ہمارے جوان ہمارا دفاع کرنے کے لیے سرحد پر چوکس کھڑے ہیں۔وزیر اعظم نے کورونا وائرس وبا کے درمیان پارلیمانی اجلاس میں شرکت کرنے پر اراکین پارلیماں کا بھی شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ معاملات حل کرنے میں جتنا زیادہ حصہ لیا جائے گا ملک کو اتنا ہی زیادہ فائدہ پہنچے گا۔
وزیر اعظم نے اجلاس میں شرکت کرنے پر ممبران پارلیمنٹ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں سے بھی کہا کہ وہ مستند معیار کے پابند ہیں۔ لوک سبھا اجلاس سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی ،موجودہ او سابق اراکین پارلیماں اور حال ہی میں فوت ہونے والے پنڈت جسراج سے خراج تعزیت پیش کر کے ایک گھنٹے کے لیے برخاست ہو گئی۔
اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ کچھ ااکین پارلیماں نے ایوان میں نشستوں کے انتظام پر تحفظات کا اظہار کیا لیکن یہ بڑا نازک وقت ہے اور اس کا مقصد اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ حفاظتی آداب کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ایوان کی کاروائی چلائی جائے۔برلا نے کہا وہ جانتے ہیںہ آپ لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہو گا لیکن یہ انتظامات بھی موجودہ حالات کو ذہن میں رکھتے ہوئے اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی کوششوں سے وہ دن دور نہیں جب ہم کوویڈ19-پر پوری طرح قابو پالیں گے۔ہمارے پاس محدود وقت ہے اور یہ ہمای ذمہ داری ہے کہ ہم اس وقت کامثبت اور سودمند اقدامات سے بہترین استعمال کریں۔مجھے یقین ہے کہ آپ سب کے تعاون سے ہم ملک کو ایک مثبت پیغام دینے کے اہل ہوں گے۔