ہندوستانی فضائیہ کے جری و نڈر ہوا باز ونگ کمانڈر ابھینندن وردھمان کو چھوڑے جانے پر پاکستان فوج کے سربراہ کے خلاف باتیں کرنے پر زبردست ہدف تنقید بنائے جانے والے پاکستان کی قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما سردار ایاز صادق کے خلاف لاہور اور کئی دیگر شہروں کے چوراہوں پر پوسٹر آویزاں کر دیے گئے جس میں انہیں وزیر اعظم ہند نریندر مودی اور ابھینندن کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔
لعنت ملامت کے درمیان ان کے خلاف لگائے گئے ان پوسٹروں میں ایاز صادق کو غدار وطن قرار دیتے ہوئے ان کے چہرے کو ابھینندن جیسی مونچھیں لگاکر ابھینندن کی شباہت دی گئی ہے۔ اس پوسٹر کو سب سے پہلے خود ایاز صادق کے انتخابی حلقہ میں دیکھا گیا جس کے فوراً بعد اسے سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا گیا۔واضح ہو کہ ایاز صادق نے کہا تھا کہ ہندوستان کے حملے کے خوف سے اس وقت پاکستان کے فوجی سربراہ قمر جاوید باجوا کے پیر کانپ رہے تھے اور چہرے پر پسینہ آ رہا تھا۔پاکستانی رکن پارلیمنٹ نے یہ بات زور دے کر کہی تھی کہ” مجھے یاد ہے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اس میٹنگ میں موجود تھے جس میں عمران خان نے آنے سے انکار کر دیا تھا۔
قریشی کے پیر کانپ رہے تھے، پیشانی پر پسینہ تھا۔ ہم سے قریشی نے کہا خدا کے واسطے اب اس کو واپس جانے دیں، ورنہ رات کے 9 بجے ہندوستان پاکستان پر حملہ کر دے گا۔“پاکستان کے سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے بھی قومی اسمبلی میں یہ سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہندوستان کے ونگ کمانڈر ابھینندن وردھمان کو ہندوستان کے خوف کے سبب پاکستان نے چھوڑا تھا۔ آصف نے کہا کہ پاکستان حکومت میں ہندوستانی حملہ کا ایسا ڈر بیٹھا ہوا تھا انہوں نے بغیر وقت گنوائے فورا ابھینندن وردھمان کو رہا کر دیا اور ہندوستان کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے۔
واضح ہو کہ ونگ کمانڈر ابھینندن اس وقت روشنی میں آئے تھے جب انہوں نے فروری2019میںہندستان اور پاکستان کی فضائیہ کے درمیان آمنے سامنے کی ٹکر کے دوران پاکستان کا ایک ایف 16طیارہ مار گرایا اور مزید کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں گھس گئے جہاں ان کا جہاز گرا لیا گیاتھا۔اس معاملہ میں اب بی جے پی کے ترجمان سنبت پاترا نے ٹویٹ کرتے ہوئے راہل گاندھی پر حملہ بولا ہے۔
انہوں نے لکھا راہل جی، آپ سرجیکل اسٹرائیک اور ائیر اسٹرائیک پر سوال اٹھا رہے تھے نا؟ ذرا دیکھئے مودی جی کا کیا خوف ہے پاکستان میں، ایاز صادق بول رہے ہیں پاکستان کی قومی اسمبلی میں کہ پاکستان کے فوجی سربراہ کے پیر کانپ رہے تھے اور چہرے پر پسینہ تھا کہ کہیں ہندوستان حملہ نہ کر دے! سمجھیں؟’۔
بی جے پی صدر جے پی نڈا نے بھی کانگریس کو ہد تنقید بناتے ہوئے اس کے رہنما راہل گاندھی پر الزام لگایا کہ انہیں اس مین ہندوستان کی کامیابی کا یقین ہی نہیں آرہا تھا وہ تو بس مسلح افواج کا مذاق اڑارہے تھے۔