نئی دہلی: ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز انڈونیشیا کے شہر بالی میں منعقد جی- 20 سربراہی اجلاس میں اپنے برطانوی ہم منصب رشی سوناک سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے کی راہوں پر تبادلہ خیال کیا۔ مودی اور ہندوستانی نڑاد سوناک کے درمیان ، جو کتوبر میں برطانوی وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے، پہلی ملاقات ہے ۔ ہندوستانی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے ہمہ جہت ہند ۔
برطانیہ جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی صورت حال اور مستقبل کے تعلقات کے لیے راہ عمل 2030 میں پیش رفت پر اظہار اطمینان ر کیا۔ریلیز میں یہ بھی کہا گیا کہ انہوں نے جی- 20 اور دولت مشترکہ تمام دو طرفہ اور کثیر ملکی فورموں پر مل جل کر کام کرنے کی اہمیت کو سراہا ۔ ملاقات میں تجارت،نقل و حمل، دفاع اور سلامتی جیسے اہم شعبوں میں اشتراک پر بھی غور و خوض کیا گیا۔
وزیر اعظم سونک کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ برطانیہ ہندوستان کے ساتھ ایک تجارتی معاہدے پر مذاکرات کر رہا ہے اور اگر وہ متفق ہو گیا تو یہ اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ ہوگا جو ہندوستان نے کسی یورپی ملک سے کیا ہے۔ ایک بیان میں مودی نے کہا کہ ہندوستان کے لیے برطانیہ کے ساتھ مضبوط تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔مودی نے سونک سے ملاقات کے بعد ٹویٹر کے توسط سے کہا کہ ہم نے تجارتی روابط بڑھانے، ہندوستان کی دفاعی اصلاحات کے تناظر میں سیکورٹی تعاون کے دائرہ کار کو بڑھانے اور عوام سے عوام کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی راہیں تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔