علی گڑھ: وزیر اعظم نریندر مودی نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی صد سالہ تقریبات میں شرکت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ جو بھی اس ملک کا ہے وہ ملک کے ہر شہری کا ہے اور اس سے ہر شہری استفادہ حاصل کر سکتا ہے اور اس کا فائدہ سب کو ملنا چاہئے۔
صد سالہ تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نے اپنی حکومت کی کارکردگی اور حکومتی مستحسن اقدامات کا خاص طور پر ذکر کیا اور ان اسکیموں سے آگاہ کیا جن سے ملک کے ہر شہری کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔
مودی نے کہا کہ سر سید کا پیغام ہمیں تلقین کرتا ہے کہ بلا لحاظ مذہب وملت و نسل و ذات خدمت خلق کریں اور اسی طرح خوشحالی کے لیے ہر سطح پر ترقی ہونا ضروری ہے۔آج ہر شہری کو کسی تفریق کے بغیر ترقی کا فائدہ پہنچ رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کوویڈ 19-بحران میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے غیر معمولی خدمت و مدد کی۔انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو ”منی انڈیا“ سے تعبیر کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ شہری آئین سے ملے حقوق کے حوالے سے بے فکر رہیں ۔ سب کا ساتھ ، سب کا وکاس اور سب کا وشواس ہی سب سے بڑا منتر ہے۔
واضح ہو کہ نریندر مودی نصف صدی بعد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں طلبا سے خطاب کرنے والے پہلے وزیر اعظم ہیں ۔ اس سے قبل آخری بار1964میں اس وقت کے وزیر اعظم لال بہادر شاستری نے کنووکیشن خطاب کیا تھا۔