PM Modi congratulates new Punjab CM Charanjit Singh Channiتصویر سوشل میڈیا

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے پنجاب کے نومنتخب وزیراعلی چرنجیت سنگھ چنی کو مبارکباد دی اور اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا کہ ہم مل کر ریاست کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔ وزیر اعظم نے ٹویٹ کیا ، “شری چرنجیت سنگھ چنی جی کو پنجاب کے وزیر اعلیٰ کا حلف لینے پر مبارکباد۔ پنجاب کی عوام کی بہتری کے لیے پنجاب حکومت کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔ واضح ہو کہ دوشنبہ کو دلت سماج سے تعلق رکھنے والے کانگریس لیڈر چرن جیت سنگھ چنّی نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف لے لیا ہے۔

پنجاب کی سیاست میں یہ پہلی بار ہوا ہے جب کسی دلت لیڈر کو ریاست کی کمان سونپی گئی ہے لیکن کانگریس کے اس عمل پر بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے یہ فیصلہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں انتخابی فائدہ حاصل کرنے کے لیے کیا ہے۔جبکہ سچ تو یہ ہے کہ کانگریس کو دلتوں پر بھروسہ نہیں ہے۔ اسے صرف مصیبت میں دلت یاد آتے ہیں۔ یہ کانگریس کا ہتھکنڈہ ہے کہ پنجاب میں دلتوں کا ووٹ لینے کے لیے کچھ مہینوں کے لیے چرن جیت سنگھ چنّی کو پنجاب کا وزیر اعلی بنایا گیا ہے۔ دوسری جانب حلف لینے کے بعد وزیر اعلیٰ کے طور پر چنڈی گڑھ میں اپنی پہلی پریس کانفرنس کرتے ہوئے چنی نے اعلان کیا کہ ہم کسانوں کے پانی اور بجلی کے بل معاف کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم مرکز سے تین زرعی قوانین کو واپس لینے کی اپیل کرتے ہیں۔ پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے نہایت جذباتی ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ایک عام آدمی کو وزیر اعلیٰ بنا یا گیاہے۔ چرنجیت چنی نے کہا کہ پارٹی سب سے پہلے ہے۔ وزیر اعلیٰ یا ایم ایل اے اس سے بالا نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کانظریہ سب کو ساتھ لے کر چلنے کا ہے اور وہ اس پر عمل پیرا رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ذات یا فرقہ کے نام پر کوئی توڑ نہیں سکتا۔انہوں نے کہا کہ ملازمین ہماری زندگی ہیں اور سبھی کے ہر مسئلے کا حل ہوگا۔ انہوں نے ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مستقل ہونے کے مستحق مستقل کیے جائیں گے ، بس مجھے کچھ مہلت دیجیے ۔ چرنجیت سنگھ چنی نے سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ سے متعلق کہا کہ وہ ہمارے لیڈر ہیں۔ کیپٹن حکومت کے ادھورے کاموں کو ہم پورا کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *