نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کے روز سابق عالمی شہرت یافتہ فٹ بال کھلاڑی ارجنٹائنا کے ڈیاگو میراڈونا کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ ان کی ناگہانی موت سے ہم سب غمزدہ ہیں۔
شہرہ آفاق فٹ بال کھلاڑی ڈیاگو میراڈونا کا بدھ کے روز 60 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔ کچھ دن پہلے ہی ان کے دماغ میں خون کے تھکے کی سرجری کرائی گئی تھی۔
میراڈونا کی موت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے مسٹر مودی نے ٹویٹ کیا۔ڈیاگو میراڈونا فٹ بال کے جادوگر تھے جنہوں نے اس کھیل کو دنیا میں مقبولیت کے عروج پر پہنچایا۔ میراڈونا نے اپنی زندگی میں فٹ بال کے میدانوں میں کھیل کے بہترین لمحات سے ہمیں لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا۔ ہم سب ان کی اس ناگہانی موت سے غمزدہ ہیں۔ ایشوران کی آتما کو شانتی دے۔
وکی پیڈیا کے مطابق میرا ڈونا کو فٹ بال کی تاریخ کے عظیم اور متنازع ترین کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ ارجنٹائن کے دار الحکومت بیونس آئرس کے نواحی قصبے ویلا فیوریتو کے ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتے تھے۔ انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ دور میں بوکا جونیئرز، ایف سی بارسلونا اور ایس ایس سی ناپولی کے لیے مختلف اعزازات حاصل کیے۔
اپنے بین الاقوامی دور میں میرا ڈونا نے 91 مقابلوں میں شرکت کی اور 34 گول کیے۔1982 ، 1986 ، 1990 اور 1994 کے فٹ بال عالمی کپ مقابلوں میں شرکت کی۔1986 میں ارجنٹائن نے ان کی قیادت میں عالمی کپ میں شرکت کی اور فائنل میں مغربی جرمنی کو شکست دے کر عالمی چیمپیئن بنا۔ میراڈونا نے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔
