نئی دہلی:(اے یوایس) وزیر اعظم نریندر مودی بدھ کے روز ویڈیو کانفرنس کے توسط سے تمل ناڈو میں 11 نئے سرکاری میڈیکل کالجوں اور چنئی میں 24 کروڑ روپے کی لاگت سے سنٹرل انسٹی ٹیوٹ آف کلاسیکل تمل کے نئے کیمپس کا افتتاح کیا۔ سرکاری اطلاعات کے مطابق یہ پروگرام شام 4 بجے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد کیا گیا ۔تمل ناڈو میں یہ نئے میڈیکل کالج ایسے اضلاع میں قائم کیے گئے ہیں جہاں اب تک ایسے پرائیویٹ سرکاری ادارے نہیں تھے۔ ان پر 4000 کروڑ روپے لاگت کا تخمینہ ہے۔ ان اداروں کو تیار کرنے کیلئے تقریباً 2,145 کروڑ روپے مرکز اور باقی ریاستی حکومت نے دیئے ہیں۔یہ ادارے وردھونگر، نمکل، نیلگیری، تروپور، تریولور، ناگاپٹنم، ڈنڈیگل، کلاکوریچی، آریالور، رامناتھ پورم اور کرشنا گری اضلاع میں مختلف مقامات پر بنائے گئے ہیں۔
قبل ازیں وزیراعظم نریندر مودی نے سوامی ویویک آنند کی جینتی کے موقع پر بدھ کے روز ہی پڈوچیری میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سے قومی یووا مہوتسو کا افتتاح کیا۔یہ دن نوجوانوں کے قومی دن کے طورپر منایا جاتا ہے اور اپنے سلور جوبلی سال میں یہ آن لائن ذرائع سے دو دن چلے گا۔مسٹر مودی نے اس موقع پر ایئر تھیئٹر سے لیس ایک آڈیٹوریم پیرونتھلیور کام راجر منی منڈپم اور کچھ پروجیکٹوں کا بھی افتتاح کیا۔اس بارے میں جاری ایک سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیسٹیول ملک کے نوجوانوں کے ذہن کو سمت دینے اور انہیں قوم کی تعمیر کےلئے طاقت کے طورپر اسے متحد کرنے کے مقصد سے منعقد کیا گیا ہے۔اس کا مقصد ہندوستانی متنوع ثقافت کو ساتھ لانا اور انہیں ’ایک بھارت شریشٹھ بھارت‘ کے اتحادی دھاگے میں پرونا ہے۔پروگرام میں اطلاعات و نشریات،کھیل اور نوجوانوں کے امور کے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے وزیراعظم کا استقابل کیا اور کہا کہ وزیراعظم کے دل میں نوجوانوں کےلئے خاص جگہ ہے۔
وزیراعلیٰ این رنگا سوامی نے تمل سنت کوی تروولوور کی وانی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایک اچھا راج کاج وہ ہوتا ہے جو بہتر طریقے سے وسائل جمع کرے اور حکومت اور عوام پر اس کا صحیح استعمال کرے۔ انہوں نے مسٹر مودی کو گوڈ گورننس کا علمبردار بتایا اور یہاں مختلف پروجیکٹوں کے افتتاح کےلئے ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ کووڈ کے بحران کی وجہ سے اس سال فیسٹیول کو آن لائن منعقد کیا ہے۔انہوں نے پڈوچیری کو علم کی زمین بتایا۔یہ انعقاد کل مکمل ہوگا۔ اس دورام قومی یووا چوٹی کانفرنس ہوگی،جس میں چار خصوصی موضوعات پر پینل بحث ہوگی۔ نوجوانوں کی قیادت میں ترقی اور ابھرتے مسئلوں اور چیلنجوں کا حل نکالنے کےلئے نوجوانوں کو تحریک دینے سے متعلق کوششوں کے سلسلے میں ماحول،موسمی تبدیلی اور پائیدار ترقی کے اہداف پر مبنی اضافے، ٹیکنولوجی،آنٹرپرینیورشپ اور اختراع،مقامی اور قدیم علم، قومی کردار، قومی تعمیر اور مقامی اور علاقائی اداروں کی ترویج جیسے موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔وزیر اعظم نے ’میرے خوابوں کا ہندوستان‘ اور ”ہندوستان کی آزادی کی تحریک کے نامعلوم ہیروز ” پر منتخب مضامین کی نقاب کشائی کی۔
ان دونوں موضوعات پر ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں نے مضامین لکھے تھے جن میں سے کچھ مضامین کا انتخاب کیا گیا ہے۔مسٹر مودی نے چھوٹی،بہت چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی وزارت کے ایک ٹیکنالوجی سینٹر کا بھی افتتاح کیا۔ یہ تقریباً 122 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے پڈوچیری میں قائم کیا گیا ہے۔ یہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے میں اپنا حصہ ڈالے گا اور ہر سال تقریباً 6400 ٹرینیز کو تربیت دے سکے گا۔وزیر اعظم مودی نےایک ایئر تھیئٹر آڈیٹوریم پیرونتھائلیور کام راجر منی منڈپم کا بھی افتتاح کیا،جسے مرکزکے زیر انتظام حکومت نے تقریباً 23 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا ہے۔اس میں ایک ہزار سے زائد افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
