وارانسی : وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے دورہ سدھاتھ نگر اور ورانسی کے دوران آج بیک وقت 9 میڈیکل کالجوں کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مشرقی اترپردیش اور اس کے ساتھ ہی پوری ریاست کے لیے آج کا دن ایک بڑا دن ہے ۔اس روز صحت عامہ کے بنیادی ڈھانچے کو ایک ڈبل خوراک ملی ہے۔ اب5000سے زائد نئے ڈاکٹرز اور نیم طبی عملہ دستیاب رہے گا۔مشرقی اترپردیش کے نوجوانوں کا اب میڈیکل تعلیم حاصل کرنے کا خواب پورا ہوگا۔
وزیر اعظم نے سدھارتھ نگر سے جن 9میڈیکل کالجوں کا افتتاح کیا وہ سدھارتھ نگر،ایٹہ،ہردوئی،پرتاپ گڑھ،فتح پور،دیوریا، غازی پور،مرزا پور اور جونپور اضلاع ہیں۔ اس کے علاوہ اپنے پارلیمانی حلقہ ورانسی میں قومی اسکیم “آتم نربھر سوستھ بھارت ” اسکیم کا بھی آغاز کیا۔ پانچ سال تک چلنے والی اس اسکیم کے لیے 64180 کروڑ روپے بجٹ کی تجویز رکھی گئی ہے اس کا اعلان 22 – 2021 کے مرکزی بجٹ میں کیا گیا تھا۔
علاوہ ازیں وزیر اعظم نے وارانسی میں 5200کروڑ روپے کی لاگت سے کئی دیگر ترقیاتی پراجکٹوں کا بھی افتتاح کیا۔واضح ہو کہ وزیر اعظم کا یہ دورہ سیاسی نوعیت سے نہایت اہم ریاست اترپردیش امیں اسمبلی انتخابات سے محض چند ماہ قبل ہو ا ہے۔وزیر اعظم نے صبح ساڑھے دس بجے سدھارتھ نگر میں نو میڈیکل کالجوں کا بیک وقت افتتاح کیا اور دوپہر سوا بجے انہوں نے وارانسی میں پردھان منتری آتم نربھر سوستھ بھارت یوجنا کا افتتاح کیا۔
سوستھ بھارت یوجنا کے تحت مریضوں کا خیال رکھنے والی خدمات ان تمام اضلاع میں جہاں کی آبادی 5لاکھ سے زائد ہوگی دستیاب ہوں گی۔اس موقع پر مرکزی وزیر صحت مان سکھ منداویا نے کہا کہ ایک ہی روز میں 9میڈیکل کالجوں کا افتتاح کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ ان میڈیکل کالجوں سے موجودہ اور آئندہ نسلوں کو فیض پہنچے گا ۔انہوں نے ٹوئیٹر کے توسط سے کہاکہ وزیر اعظم مودی کے دور میں طبی تعلیم اور حکمرانی میں زبردست سدھار ہوا ہے۔مرکز نے ملک میں157میڈیکل کالج بنائے ہیں۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ نے وزیر اعظم کو بھگوان گوتم بودھ کی ایک مورتی پیش کی۔
