نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ منی پور واٹر سپلائی پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باوجود ملک میں ترقیاتی کام جاری ہیں ۔
وزیر اعظم نے اس پر زور دیا کہ ہم جہاں ایک جانب کورونا وائرس کے لیے کوئی ویکسین تیار ہونے تک اس سے لڑتے رہیں گے وہیں دوسری طرف اپنے ترقیاتی پراجکٹوں پر کام بھی جاری رکھیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ شمال مشرقی خطہ کو دو چیلنجوں کورونا وائر اور سیلاب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
انہون نے کہا کہ ”شمال مشرقی خطہ ایک بار پھر بھاری بارشوں کے باعث زبردست نقصان اٹھا رہا ہے ۔ بے شمار لوگ ہلاک ہو گئے اور بہت سوں کو نقل مکانی کرنا پڑا۔وزیر اعظم نے ریاست میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے منی پور حکومت کی ستائش بھی کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 3ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والا منی پور واٹر سپلائی پراجکٹ ریاست میں پانی کی فراہمی کی صورت حال بہتر کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پراجکٹ اگلے20-22سال ذہن میں رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔ یہ پراجکٹ نہ صرف پینے کا صاف پانی بہم پہنچائے گابلکہ اس سے ہزاروں لوگوں کو روزگار ملے گا۔
جل جیون مشن کے تحت اپنی حکومت کی کامیابیوں کا ذکر رکتے وہئے وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں یومیہ ایک لاکھ پانی کنکشن دیے جارہے ہیں۔اور اس کامیابی سے ہم لاکھوں بہنوں و بھائیوں کی زندگی آرام دہ بنا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر شخص بشمول غریب کو آسان زندگی کا حق حاصل ہے۔اور آرام دہ زندگی کا عزم گذشتہ چھ سال کے دوران ایک تحریک بن گیا ہے۔