دہرہ دون:(اے یوایس)وزیر اعظم نریندر مودی نے ا تراکھنڈ میں چمولی ضلعے کے تپوون علاقے میں رینی گاو¿ں میں ایک پاور پروجیکٹ کے نزدیک برف کے تودے گرنے کے بعد دھولی گنگا دریا میں اچانک پانی چڑھنے سے چمولی ضلعے میں شدید سیلاب سے پیدا شدہ حالات کا جائزہ لیا۔
مودی نے جو آسام کے دورے پر تھے، ٹوئیٹر کے توسط سے کہا کہ میں اتراکھنڈ میں تکلیف دہ صورت حال کا تسلسل سے جائزہ لے رہا ہوں ۔ پورا بھارت اترا کھنڈ کے ساتھ کھڑا ہے اور قوم سب کی عافیت کے لیے دست بہ دعا ہے۔میں سینیر حکام سے مسلسل رابطے میں ہوں اور این ڈی آرایف کی تعیناتی، ریسکیو کام اور ریلیف اقدامات سے متعلق تازہ ترین معلومات حاصل کرتا جا رہا ہوں۔
واضح ہو کہ چمولی کے تپوون میں برف کے تودے گرنے سے ایک آبی ذخیرے میں شگاف پڑنے کے سبب وہاں پانی بھر گیا اور دریا کے کنارے واقع مکان تہس نہس ہوگئے۔امدادی کارروائی کے لیے ہند-تبت سرحدی پولیس کے اہلکاروں کو وہاں بھیجاگیا ہے۔چمولی کے ضلع مجسٹریٹ نے متعلقہ اہلکاروں کو ہدایت دی ہےکہ وہ دھولی گنگا دریا کے کنارے پر واقع گاؤں میں رہنے والے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔افسران نے بتایا کہ دھولی ندی میں سیلاب آنے کی اطلاع ملنے کے بعد الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہری دوار ضلع انتظامیہ نے بھی الرٹ جاری کردیا ہے۔ سبھی تھانوں اور ندی کنارے کی آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ رشی کیش میں بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ گلیشیئر پھٹنے کے بعد باندھ کو نقصان پہنچا ہے ، جس کی وجہ سے ندیوں میں سیلاب آگیا ہے۔ تپوون بیراج کو بری طرح سے نقصان پہنچا ہے۔ شری نگر انتظامیہ نے ندی کے کنارے کی بستیوں میں رہ رہے لوگوں سے محفوظ مقامات پر جانے کی اپیل کی ہے۔گلیشیئر واقعہ پر وزیر اعلی ترویندر سنگھ راوت نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے لوگوں کو کسی بھی طرح کی افواہ پر دھیان نہ دینے کی اپیل کی ہے۔ ساتھ ہی ڈایزاسٹر مینجمنٹ محکمہ کے سکریٹری اور ڈی ایم چمولی سے واقعہ کی پوری تفصیلات طلب کی ہے۔ وزیر اعلی مسلسل حالات پر نظر بنائے ہوئے ہیں۔
باندھ ٹوٹنے سے پیدا ہوئے حالات کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلی ترویندر سنگھ راوت کی ہدایت کے بعد جل شکتی کے وزیر مہندر سنگھ نے گنگا کنارے والے ضلع افسران کو الرٹ کردیا ہے۔ بجنور ، گڑھ مکتیشور ، قنوج ، بٹھور ، فتح گڑھ ، مرزا پور ، بنارس ، پریاگ راج ، فرخ آباد کے ضلع افسران کو ہدایات دیدی گئی ہیں۔ چمولی ضلع انتظامیہ ، ایس ڈی آر ایف کے افسران اور اہلکار جائے واقع پر پہنچ گئے ہیں۔ لوگوں سے اپیل کی جارہی ہے کہ گنگا ندی کے کنارے نہ جائیں۔پوڑی گڑھوال پولیس نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ تپوون رینی علاقہ میں گلیئشر ٹوٹنے سے رشی گنگا پاور پروجیکٹ کو کافی نقصان پہنچا ہے ، جس کی وجہ سے ندی کی آبی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔ الکانندا ندی کے کنارے رہنے والے لوگوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ جلد از جلد محفوظ مقامات پر چلے جائیں۔